اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے فائرنگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست کرنا اور اسلحے سے لیس ہوکر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، مسلح ہوکر دن دیہاڑے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی بھی کال دے رکھی ہے، ان کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ وہ
ہمیشہ اسلحے سے لیس ہوکر آئے۔ پی ٹی آئی نے اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو شہید کیا۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا۔ ان کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے۔
مزید پڑھیں: چائنا میڈیا گروپ اور سنکیانگ کے درمیان ثقافتی و سیاحتی شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط
انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے سے بھی بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں، پی ٹی آئی کارکن سے پی ٹی آئی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہی، یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کردیتی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں اور وہ امن و امان کو تباہ کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت ملک کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے، ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کو ہر محاذ پر فتح ہوگی جبکہ دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔









