بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سارو گنگولی کو مبینہ دھمکی آمیز خطوط موصول، پولیس سے رابطہ

کولکتہ: سابق بھارتی کپتان اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر سارو گنگولی نے گزشتہ کئی ماہ سے مبینہ طور پر دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد پولیس سے رابطہ کرلیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق سارو گنگولی کو موصول ہونے والے ایک خط میں انہیں اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گنگولی کے دفتر کو پیر کے روز مزید دو خطوط موصول ہوئے، جس کے بعد ان کے مینیجر نے جنوبی کولکتہ کے ٹھاکرپکور پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی۔

شکایت میں بتایا گیا ہے کہ سارو گنگولی کے نام سے اس نوعیت کے خطوط گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے موصول ہورہے تھے، تاہم ابتدائی طور پر انہیں سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ خطوط میں سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ کو نقصان پہنچانے کے علاوہ ان کے قریبی افراد کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس حکام خطوط کے مندرجات، انہیں بھیجنے کے طریقہ کار اور کورئیر سے متعلق ریکارڈ کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ دھمکی آمیز خطوط بھیجنے والے شخص کا سراغ لگایا جاسکے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خطوط ممکنہ طور پر شمالی 24 پرگنہ کے علاقے بیلگھریا سے کورئیر کے ذریعے بھیجے گئے۔

پولیس نے ایک مشتبہ موبائل نمبر اور سم کارڈ کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف شواہد کی بنیاد پر ملزم تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پولیس کی جانب سے سارو گنگولی اور ان کے اہل خانہ کو موصول ہونے والی دھمکیوں کے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔