مظفرگڑھ: پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ بے قابو ہوکر نہر میں جاگرا، حادثے میں اب تک 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کوٹ ادو کے علاقے سنانواں میں پیش آیا، جہاں لوڈر رکشے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 24 سے زائد افراد سوار تھے۔ متاثرہ افراد بارات کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔
حادثے کے بعد بارات کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔ حادثہ پیش آنے کے فوری بعد موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت متعدد افراد کو نہر سے نکالا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق 11 افراد کو زندہ نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ نہر میں بہہ جانے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق لاپتہ افراد میں 3 سے 14 سال کی عمر کے بچے بھی شامل ہیں، جس کے باعث امدادی کارروائیوں کو مزید وسیع کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا دائرہ جائے حادثہ سے تقریباً 20 کلومیٹر تک بڑھا دیا ہے۔ غوطہ خوروں اور دیگر امدادی اہلکاروں کی مدد سے نہر میں مختلف مقامات پر تلاش کی جارہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش تک سرچ آپریشن جاری رکھا جائے گا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔









