اسلام آباد: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل عامر رضا کو نشانِ امتیاز ملٹری سے نواز دیا گیا۔
ایوانِ صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدرِ مملکت نے جنرل عامر رضا کو نشانِ امتیاز ملٹری عطا کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس نے شرکت کی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے دوران جنرل عامر رضا کی قومی خدمات اور اہم ذمہ داریوں کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ عسکری اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 24 جولائی 2026 کو اس وقت کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا۔ آئینی ترمیم کے نتیجے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا، جبکہ جوہری امور سے متعلق ذمہ داریوں کے لیے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا نیا انتظام متعارف کرایا گیا۔
27ویں آئینی ترمیم کے تحت نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کی تقرری، دوبارہ تقرری اور مدت میں توسیع چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش سے مشروط ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جو چیف آف آرمی اسٹاف بھی ہیں، 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر ہوئے تھے۔
جنرل عامر رضا کی نئی ذمہ داریوں میں قومی سلامتی اور اسٹریٹجک امور سے متعلق اہم فرائض شامل ہیں۔









