صدر مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔
صدر مملکت نے پاکستانی نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی مشترکہ خواہشات ہیں، نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے اور نوجوان پاکستان کاسب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔
مزیدپڑھیں:نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے معمار ہیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نوجوان خواتین کی صلاحیتیں اور قیادت ملکی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہاہے، نوجوان دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار کو اپنائیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو قومی ترقی میں فعال کردار کے لیے بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے، ایک مضبوط،جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر نوجوانوں کی بھرپور شرکت سے ممکن ہے۔









