بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان امن، محبت اور بھائی چارے کے لیے قائم ہوا، زمرد خان کا یوم آزادی پر پیغام

اسلام آباد: سرپرست اعلیٰ پاکستان سویٹ ہوم اور سابق رکن قومی اسمبلی زمرد خان (ہلال امتیاز) نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آزادی جیسی عظیم نعمت عطا ہونے پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لاتے ہیں۔

زمرد خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان امن، محبت اور بھائی چارے کے لیے قائم ہوا اور آزادی کے اسی جذبے کے تحت پاکستان سویٹ ہوم کا قیام عمل میں لایا گیا، جہاں رنگ، نسل اور تعصب سے بالاتر ہوکر ہزاروں بے سہارا بچوں کو بہتر مستقبل کی جانب گامزن کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم میں زیر کفالت بچے ملک کے روشن مستقبل کی علامت ہیں۔ ادارہ ان بچوں کو تعلیم، تربیت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرکے انہیں معاشرے کا باوقار اور کامیاب فرد بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

زمرد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس ملک کے محسنوں کے ساتھ ان کا محبت اور عقیدت کا ایسا مضبوط رشتہ ہے جسے کوئی دشمن کبھی توڑ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے وطن کی آزادی، خودمختاری اور ترقی کے لیے ہمیشہ متحد رہی ہے اور آئندہ بھی ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خدمت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہر شہری کو اپنے حصے کا فرض ادا کرنا چاہیے اور ملک کو مضبوط، پرامن اور خوشحال بنانے کے لیے عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔

زمرد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سویٹ ہوم آزادی کے جذبے کے تحت بے سہارا اور یتیم بچوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا اور انہیں تعلیم و تربیت کے ذریعے ملک کا مفید اور ذمہ دار شہری بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔