پرتگال کے اسٹار فٹبالر اور النصر کلب کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو(Christiano Ronaldo) ئے اور منفرد سنہری ہیئر اسٹائل کے ساتھ میدان میں واپس آگئے ہیں۔ نئے سیزن کی تیاریوں کے سلسلے میں رونالڈو ریاض پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے اپنی ٹیم النصر کے ساتھ ٹریننگ شروع کردی ہے۔
40 سالہ پرتگالی کپتان نے اپنے بالوں کا روایتی گہرا بھورا رنگ بدل کر تانبے مائل سنہری رنگ کرلیا ہے، جس سے ان کی شخصیت پہلے سے بالکل مختلف نظر آ رہی ہے۔ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو کے نئے انداز نے مداحوں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔
رونالڈو پرتگال کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کچھ وقت اپنے ملک میں گزارنے کے بعد ریاض واپس آئے ہیں۔ پرتگال کو 6 جولائی کو اسپین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رونالڈو نے جمعرات کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ سیاہ ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھے۔ ان کے گلے میں چین اور ہاتھ میں گھڑی بھی نظر آ رہی تھی، تاہم تصویر میں سب سے زیادہ توجہ ان کے نئے کاپر یلو بالوں نے حاصل کی۔ رونالڈو نے بالوں کو جیل سے سیٹ کیا ہوا تھا اور سنہری رنگ ان کی سیاہ بھنوؤں کے ساتھ نمایاں دکھائی دے رہا تھا۔

رونالڈو کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب النصر 2026-27 سعودی پرو لیگ سیزن کے آغاز کی تیاری کر رہا ہے۔ النصر اپنا پہلا لیگ میچ 15 اگست کو ہوم گراؤنڈ پر الفتح کے خلاف کھیلے گا، جبکہ 21 اگست کو ٹیم کا مقابلہ الریاض سے ہوگا۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ رونالڈو الفتح کے خلاف سیزن کے پہلے میچ میں میدان میں اتریں گے یا نہیں۔ النصر کے نئے کوچ اینج پوسٹی کوگلو نے رونالڈو کو ”ہمیشہ تیار رہنے والا“ کھلاڑی قرار دیا ہے، لیکن ان کی پہلے میچ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
رونالڈو کے لیے یہ نیا سیزن خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ ان کے کلب فٹبال کیریئر کا 25واں سیزن ہوگا۔ وہ اپنے کیریئر میں 1000 گول مکمل کرنے کے بڑے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ساتھ ہی سعودی پرو لیگ کا گولڈن بوٹ بھی دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
نئے سیزن سے قبل رونالڈو نے اپنی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے معمول کی سخت ٹریننگ، متوازن خوراک اور ریکوری روٹین پر دوبارہ توجہ مرکوز کردی ہے۔
ان کی واپسی سے النصر کو بھی تقویت ملنے کی امید ہے، کیونکہ کلب اس سیزن میں بڑے اعزازات جیتنے کے لیے مضبوط انداز میں میدان میں اترنے کی تیاری کر رہا ہے۔









