امتل باویجا اور فہد طارق 7 نومبر کو ہونے والے پہلے پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز(Pakistan Influencer Awards) کی میزبانی کریں گے، جہاں 30 سے زائد کیٹیگریز میں ڈیجیٹل کریئیٹرز کو اعزازات دیے جائیں گے۔
پاکستانی وی لاگ ’پتن گیر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی ڈیجیٹل کریئیٹرز کی جوڑی امتل باویجا اور فہد طارق پہلے پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کی میزبانی کریں گے۔ دونوں نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں اس حوالے سے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
امتل باویجا نے کہا کہ دونوں گزشتہ آٹھ برس سے کانٹینٹ کریئیشن سے وابستہ ہیں اور اس دوران انہیں ڈیجیٹل کریئیٹرز اور انفلوئنسرز کی ایک شاندار کمیونٹی کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ ان کے بقول اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک دن وہ اسی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے اسٹیج پر کھڑے ہوں گے اور پاکستان کے پہلے انفلوئنسر ایوارڈز کی میزبانی کریں گے۔
پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز 7 نومبر کو منعقد ہوں گے۔ 27 جولائی کو ایک تقریب میں ایوارڈز کے چیف کیوریٹر طلحہ اسلم نے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں کانٹینٹ کریئیشن کے شعبے کے لیے کچھ بنیادی اصول اور ایک ایسی ثقافت تشکیل دینا ہے جس میں یہ صنعت مزید ترقی کرسکے۔
View this post on Instagram
ایوارڈز میں 30 سے زائد کیٹیگریز شامل ہوں گی، جن میں انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب کے ’کریئیٹر آف دی ایئر‘ اور ’ایمرجنگ کریئیٹر‘ کے اعزازات بھی شامل ہیں۔ لائف اسٹائل، بیوٹی، فیشن، ٹریول، فٹنس، انٹرٹینمنٹ، گیمنگ، پیرنٹنگ اور میوزک سمیت مختلف شعبوں میں بھی الگ ایوارڈز دیے جائیں گے۔
ایوارڈز کے فاتحین کے انتخاب کے لیے کئی مراحل پر مشتمل عمل اختیار کیا جائے گا۔ ہر کیٹیگری کے ابتدائی 20 امیدواروں کا انتخاب الگورتھم کے ذریعے کیا جائے گا، جس کے نتائج کی مارکیٹ سروے سے تصدیق ہوگی۔ اس کے بعد معروف کانٹینٹ کریئیٹرز پر مشتمل جیوری 10 امیدوار منتخب کرے گی، جبکہ مارکیٹنگ اور اشتہارات کے ماہرین پر مشتمل دوسری جیوری ان میں سے پانچ فائنلسٹس کا انتخاب کرے گی۔ حتمی فیصلہ اکتوبر میں متوقع آن لائن عوامی ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔









