اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے قومی اثاثوں کی سستے داموں فروخت کا معاملہ زیربحث لانے کے لئے تحریک التواجمع کرادی۔جمعہ کو سینیٹر اعجازچودھری کی طرف سے سینیٹر شبلی فراز،سیف اللہ خان نیازی ،فیصل سلیم رحمان ودیگر کے دستخطوں سے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التومیں موقف اختیارکیا گیاہے کہ کابینہ نے ایک آرڈیننس منظوری کے لئے تیارکیا ہے اور قومی اثاثوں کو سستے داموں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ ،اوجی ڈی سی لمیٹڈ اور ماڑی پٹرولیم لمیٹڈ سمیت تمام تیل کے ذخائر فقط دو ارب ڈالرز میں فروخت کامعاملہ طے ہوا ہے،اب اس معاہدے کو آئی ایم ایف کے پروگرام کا حصہ بنادیاگیا ہے،عدالتی کارروائی سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا،ایوان بالا کے علم میں لائے بغیریہ کام ہورہاہے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت اس معاہدے کی مکمل تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کرے۔
قومی اثاثوں کی سستے داموں فروخت، پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹ میں تحریک التواجمع کرادی








