بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر کو بھی پنجاب کی طرح بدلیں گے، نواز شریف

مری: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ جو ماحول بنا ہے وہ سب کے لیے باعث تشویش ہے، ماضی کی حکومتوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، جس طرح پنجاب کو بدلا اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلیں گے۔

مری میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اب عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں، اگر آزاد کشمیر میں ڈیلیور نہ کیا تو لوگ ناراض ہوں گے۔ ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومت عوامی امنگوں پر پوری نہیں اتر سکی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، وہاں کے لوگ پنجاب کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں اور وہ کوشش کریں گے کہ کیے گئے وعدے پورے ہوں۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی۔

نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سڑکیں اور اسپتال بننے چاہئیں، لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں اور سیاحت کو فروغ دیا جائے۔ پنجاب کی سڑکیں اور اسپتال دیکھ کر آزاد کشمیر کے لوگوں کا بھی دل کرتا ہے کہ ان کے علاقے میں بھی ایسی سہولیات ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس دیے جائیں، جبکہ کسانوں کو کسان کارڈ کی سہولت بھی ملنی چاہیے۔

صدر مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی جبکہ کامیاب نہ ہونے والے امیدواروں کو بھی شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے مخالفین کی انتخابی مہم کا بھرپور مقابلہ کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ کچھ شکایات ان تک پہنچی ہیں جن پر انہیں افسوس ہوا۔ ریاست میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور انہیں امید نہیں تھی کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شکایت کا کوئی موقع ملے گا۔ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کا وزیراعظم تھا، ہم نے ہمیشہ مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے، اس میں اس طرح کے جراثیم داخل ہوجائیں تو یہ اچھی بات نہیں۔ مجھے اپنے کچھ ساتھیوں کی شکست کا بہت دکھ ہوا، ان عوامل کا جائزہ لینا چاہیے جن کی وجہ سے وہ شکست سے دوچار ہوئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے اچھے امیدوار تھے، اگر انہیں شکست ہوئی ہے تو اس کی وجوہات تلاش کرنی چاہئیں۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مرحلوں میں مسلم لیگ ن کو اکثریت مل چکی ہے۔ امیر مقام ایسے انتخابی مہم چلا رہے تھے جیسے یہ ان کا اپنا الیکشن ہو، ہمیں حوصلہ نہیں ہارنا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک آگے کی طرف بڑھ رہا ہے اور بہت جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔ مسلم لیگ ن نے اپنے منشور پر 100 فیصد عمل کرنا ہے۔ آزاد کشمیر پہاڑی علاقہ ہے، یہاں ہیلی کاپٹر ہونا ضروری ہے، شہباز شریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر دیں۔

نواز شریف نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو ڈالر 100 روپے کا تھا، اس کے بعد ڈالر کہاں سے کہاں چلا گیا۔ ایک حکومت نے جو نعرے لگائے تھے وہ سارے بیکار گئے اور کسی نعرے پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنقید میں نہیں جانا چاہتے، تاہم نعرے لگانے والی حکومت میں پاکستان کا جو حال ہوا ایسا انہوں نے کبھی نہیں دیکھا۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اب وزیراعظم شہباز شریف تمام معاملات کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ جب شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے، آج حالات دن بدن بہتر ہورہے ہیں اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیا جائے اور پاکستان اقتصادی طور پر خودمختار ملک بنے۔