راولپنڈی: تھانہ ٹیکسلا کے علاقے میں مشہور ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ واقعے میں ان کی 15 سالہ چھوٹی بہن بھی زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ گزشتہ تقریباً چار سال سے ٹک ٹاک پر سرگرم تھیں اور ان کے اکاؤنٹ پر تقریباً 13 لاکھ فالوورز تھے۔ شمسو بی بی کو گردن میں گولی لگی، جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگئیں۔
مقتولہ کے والد کی درخواست پر ٹیکسلا پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق شمسو بی بی کا کوثر اور جاوید عرف شاہین کے ساتھ لین دین کا تنازع تھا اور وہ مبینہ طور پر ملنے والی دھمکیوں سے اپنے اہلخانہ کو متعدد بار آگاہ کرچکی تھیں۔
ایف آئی آر کے مطابق شمسو بی بی کو کاشف کاشی نامی شخص نے فون کرکے بلایا تھا، جس کے بعد وہ اپنی بہن اور بھائی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے روانہ ہوئیں۔
مقدمے کے مطابق نجی پیٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شمسو بی بی کو گولیاں لگیں، جبکہ فائرنگ کے بعد گاڑی ڈمپر سے جا ٹکرائی، جس کے باعث ان کی 15 سالہ بہن بھی زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے رقم ہڑپ کرنے کی غرض سے شمسو بی بی کو خود یا نامعلوم ساتھیوں کے ذریعے قتل کروایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام محرکات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔









