تہران، پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کے روز ایران کے دارالحکومت تہران کا اہم دورہ کریں گے، ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کے ذریعے اس دورے کی تصدیق کردی۔
الجزیرہ کے مطابق ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے فارس نیوز ایجنسی کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس دورے کا بنیادی مقصد پاک ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی حکام روزانہ کی بنیاد پر اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ کس طرح خطے کے حالات کو معمول پر لایا جائے تاکہ ملک کی معیشت اور ترقی پر پڑنے والے منفی اثرات کو روکا جا سکے، جب تک جنگ کا خطرہ سر پر منڈلاتا رہے گا، ملک میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کا آنا انتہائی مشکل ہے۔
مزید پڑھیں:ٹیسٹ کرکٹ، 21 سال بعد بنگلا دیش کی آسٹریلیا سےبدترین شکست کاریکارڈ
اس کے علاوہ انہوں نے مزید یہ بھی واضح کیا کہ امریکہ کے ساتھ حالیہ مفاہمتی یادداشت میں ایران کے بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ کسی قسم کا سرنڈر ہے، بلکہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ تمام سکیورٹی اور انتظامی اداروں کے اتفاقِ رائے سے طے پایا ہے اور ایرانی قوم کی ثابت قدمی ہی کی وجہ سے ملک اپنے موقف پر قائم رہا ہے۔







