بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اینڈرائیڈ فونز میں گوگل کی پراسرار نئی ایپ، آخر کام کیا کرتی ہے؟

اینڈرائیڈ(Andriod) صارفین کے لیے ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ گوگل نے ایک ایسی پراسرار ایپ متعارف کرائی ہے جس کا ممکن ہے آپ کو علم بھی نہ ہو، لیکن اگر آپ اینڈرائیڈ فون استعمال کرتے ہیں تو امکان ہے کہ یہ پہلے ہی آپ کے موبائل میں موجود ہو اور بیک گراؤنڈ میں کام کر رہی ہو۔

رپورٹ کے مطابق Android Pulse نامی یہ ایپ حال ہی میں گوگل پلے اسٹور پر نظر آئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض صارفین اسے اپنی مرضی سے ڈاؤن لوڈ کیے بغیر ہی گوگل پلے اسٹور کی دستیاب اپ ڈیٹس میں دیکھ سکتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ پہلے ہی ان کے فون کا حصہ بن چکی ہے۔

یہ ایپ مکمل طور پر نئی بھی نہیں، کیونکہ اس کے مختلف ورژنز مارچ سے APK Mirror پر موجود تھے، تاہم اب اسے باضابطہ طور پر گوگل پلے اسٹور پر لسٹ کیا گیا ہے۔ پلے اسٹور لسٹنگ کے مطابق اس کے ایک کروڑ سے زائد ڈاؤن لوڈز ہو چکے ہیں۔

اینڈرائیڈ فون کی کارکردگی پر نظر رکھنے والی ایپ؟

ایپ کی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ یہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم اور انسٹال شدہ ایپس میں اہم سسٹم وسائل کے غیر معمولی استعمال کی نشاندہی کے لیے قواعد کی تقسیم میں مدد دیتی ہے۔

یہ وضاحت بظاہر کافی پیچیدہ ہے، تاہم ٹیکنالوجی ویب سائٹ نائن ٹو فائیو گوگل کے مطابق، Android Pulse ممکنہ طور پر بیک گراؤنڈ میں رہ کر آپریٹنگ سسٹم اور مختلف ایپس کی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے۔

مزیدپڑھیں:فرانس، نئے تعلیمی سال کے آغاز سے طلبہ کے موبائل فون استعمال پر پابندی عائد

مثلاً یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے کہ کوئی ایپ معمول سے زیادہ بیٹری، سی پی یو یا دیگر سسٹم وسائل تو استعمال نہیں کر رہی۔

کیا یہ ایپ مسئلہ خود حل بھی کرتی ہے؟

ابھی یہ واضح نہیں کہ Android Pulse کسی مشکوک یا غیر معمولی سرگرمی کا پتا چلنے کے بعد خود کوئی کارروائی کرتی ہے، یا صرف اس حوالے سے معلومات گوگل تک پہنچاتی ہے۔

مجموعی طور پر اس کا مقصد اینڈرائیڈ فون کو زیادہ مستحکم اور بہتر کارکردگی کے ساتھ چلانے میں مدد دینا معلوم ہوتا ہے۔

تاہم صارفین اس ایپ کو عام ایپس کی طرح کھول کر خود کوئی اسکین شروع نہیں کر سکتے۔ اگر Android Pulse آپ کے فون میں موجود ہے تو فی الحال صارفین کو صرف یہی امید رکھنا ہوگی کہ یہ بیک گراؤنڈ میں فون کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے اور خود اضافی وسائل ضائع نہیں کر رہی۔