بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

واٹس ایپ نے صارفین کیلئے 3 نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرا دیے

واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے 3 نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرادیے ہیں۔ میٹا نے اپنے بلاگ میں نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد صارفین کو اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔

واٹس ایپ میں پہلے ہی 2 اسٹیپ ویریفکیشن کا فیچر موجود ہے، جس میں 6 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ استعمال کیا جاتا ہے۔ اب کمپنی نے اس سکیورٹی نظام کو مزید بہتر بناتے ہوئے صارفین کو طویل حروف اور نمبروں پر مشتمل پاس ورڈ منتخب کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔

کمپنی کے مطابق طویل پاس ورڈ کا مقصد اکاؤنٹس کو ہیکرز سے مزید محفوظ بنانا ہے، کیونکہ ایسے پاس ورڈز کا اندازہ لگانا نسبتاً مشکل ہوتا ہے۔

دوسرے نئے فیچر کے تحت پاس کیز استعمال کرنے والے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ میں ایک سے زیادہ پاس کیز شامل کرسکیں گے۔ میٹا کے مطابق یہ سہولت ان صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ہوگی جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز استعمال کرتے ہیں۔

پاس کیز بنیادی طور پر ڈیجیٹل کیز ہیں جو روایتی پاس ورڈ کے مقابلے میں آسان اور زیادہ محفوظ لاگ اِن کا طریقہ فراہم کرتی ہیں۔ یہ کسی ویب سرور پر اسٹور نہیں ہوتیں اور لاگ اِن کے لیے 4 ہندسوں پر مشتمل پن یا بائیومیٹرک تصدیق استعمال کی جاسکتی ہے۔

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے تیسرا فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔ اب صارفین کو ایسے نمبرز سے موصول ہونے والی کالز کے بارے میں مزید معلومات فراہم کی جائیں گی جو ان کے کانٹیکٹس میں محفوظ نہیں ہوں گے۔

صارف یہ جان سکیں گے کہ کال کرنے والا نمبر کس ملک سے تعلق رکھتا ہے یا آیا کال کرنے والا کسی ایسے واٹس ایپ گروپ کا رکن ہے جس میں صارف بھی شامل ہے۔

میٹا کے مطابق نئے فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔