اداکارہ ارونا ایرانی نے فلم ساز ککو کوہلی سے 1990 میں شادی کی جو پہلے سے شادی شدہ تھےبالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ارونا ایرانی نے فلم ساز ککو کوہلی کے ساتھ اپنے رشتے اور ان سے اولاد نہ ہونے کی وجہ بتادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے کامیاب ترین فلم ساز 77 سالہ ککو کوہلی 25 اگست کو ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ اداکارہ ارونا ایرانی ان کی دوسری بیوی تھیں۔
ککو کوہلی کے انتقال کے بعد سے اداکارہ ارونا ایرانی کے ساتھ ان کی محبت، شادی اور ذاتی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن رہی ہیں جن میں پرانے انٹرویو کلپس بھی وائرل ہورہے ہیں۔
دونوں نے 1990 میں شادی کی تھی۔ فلم ساز ککو کوہلی ارونا ایرانی سے شادی قبل پہلے ہی شادی شدہ اور بچوں کے باپ تھے جب کہ ارونا ایرانی ان کی دوسری اہلیہ تھیں اور الگ گھر میں رہتی تھیں۔
ککو کوہلی کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ارونا ایرانی سے ان ملاقات، محبت اور پھر شادی سے متعلق پرانی خبریں دوبارہ منظرعام پر آرہی ہیں۔ ایسے ہی ایک وائرل انٹرویو نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
اس انٹرویو میں اداکارہ ارونا ایرانی نے پہلی مرتبہ کھل کر بتایا تھا کہ شادی کے بعد اور خواہش رکھنے کے باوجود انھوں نے اولاد پیدا نہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا تھا۔
ارونا ایرانی نے کہا کہ وہ خود بھی ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جہاں ان کے والد کی دو شادیاں ہوئی تھیں اسی لیے وہ بخوبی جانتی تھیں کہ ایسے حالات میں بچے کی ذہنی کیفیت پر کیا اثر پڑسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ سوچتی تھیں کہ اگر ان کا بچہ بڑا ہو کر اپنے والد کے بارے میں سوال کرے گا تو وہ اسے کیا جواب دیں گی۔ مجھے لگتا تھا کہ میرے بچے کو بہت کچھ برداشت کرنا پڑے گا۔
اداکارہ نے کہا کہ حالانکہ آج کے دور میں شادی کے بغیر بھی اولاد ہوسکتی ہے۔ نینا گپتا جی کو دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ یہ بہت حوصلے کی بات ہے لیکن مجھ میں وہ حوصلہ نہیں تھا۔
خیال رہے کہ اپنے زمانے کی مقبول اور خوبصورت اداکارہ نینا گپتا نے شادی کے بغیر لیجنڈری کرکٹر ویوین رچرڈ کی بیٹی کو جنم دیا تھا اور پھر اکیلے ہی پرورش بھی کی تھی۔
ارونا ایرانی نے واضح کیا کہ ان کا فیصلہ اولاد سے نفرت کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ وہ اپنے ممکنہ بچے کو کسی جذباتی تکلیف سے بچانا چاہتی تھیں۔
اداکارہ ارونا ایرانی نے بتایا کہ انھیں یہ خیال بھی پریشان کرتا تھا کہ ککو کوہلی پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کا اپنا گھر اور خاندان تھا۔
ارونا ایرانی کے بقول اگر ایسے میں میرا بچہ اپنے والد کی قربت چاہتا اور وہ ہر وقت اس کے ساتھ موجود نہ ہوتے تو بچے کے لیے یہ صورتحال انتہائی مشکل ہوسکتی تھی۔
ککو کوہلی کے ساتھ اپنے تعلق پر بات کرتے ہوئے ارونا ایرانی نے کہا کہ بعض اوقات انسان جذبات میں ایسے راستے پر چل پڑتا ہے جہاں سے واپس آنا آسان نہیں ہوتا۔
ان کے بقول تنہائی کے لمحوں میں کسی انسان سے جذباتی وابستگی ہوجاتی ہے اور انسان مستقبل کے ممکنہ دکھ کو بھول کر موجودہ خوشی میں آگے بڑھتا چلا جاتا ہے۔
اداکارہ ارونا نے کہا کہ انہیں بھی اس رشتے میں خوشی ملی لیکن انہوں نے آنے والے وقت اور ایک ممکنہ بچے کی زندگی کو سامنے رکھتے ہوئے اولاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے، عبدالعلیم
خیال رہے کہ فلم ساز ککو کوہلی 1991 کی مقبول فلم ’پھول اور کانٹے‘ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ککو کوہلی اپنے پیچھے اہلیہ ارونا ایرانی اور پہلی شادی سے دو بیٹیاں پوجا اور کرشمہ چھوڑ گئے ہیں۔








