بیرسٹر افتخار گیلانی نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، قائم مقام صدر آزاد کشمیر نے ان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں اراکین آزاد کشمیر اسمبلی، اعلیٰ حکومتی حکام اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ خطے کی ترقی، شفاف حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور خطے کی پائیدار ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ عوام اور قیادت نے جو اعتماد کیا ہے، اسے قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور آزاد کشمیر کو ایک مثالی خطہ بنائیں گے۔
اپنے خطاب میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بیروزگاری ایک اہم مسئلہ ہے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو مثالی خطہ بنانے کے لیے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکومت عوامی مسائل کے حل اور خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اسپتالوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کی مثال دی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے آزاد کشمیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد عباسی کو شکست دے کر آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔
ہم نیوز کے مطابق کل 46 ووٹوں میں سے 44 ووٹ پول ہوئے، مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد عباسی نے 14 ووٹ حاصل کئے ۔
قبل ازیں ووٹ نہ دینے کے فیصلے کے باوجود راجہ فاروق حیدر کی افتخار گیلانی کے ہمراہ اسمبلی آمد سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئی،نامزد قائدِ ایوان بیرسٹر افتخار گیلانی سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو ہمراہ لے کر اسمبلی پہنچے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی فتح کا سہرا قائد نواز شریف اور پارٹی کارکنان کی محنت کو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، آزاد جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کا تسلسل بھی خوش آئند ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی حکومت عوامی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔
وزیر اعظم کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کھل کر سامنے آئے، صدرمسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے افتخار گیلانی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ۔یاد رہے اس سے قبل شاہ غلام قادر مسلم لیگ (ن( کی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے امیدوار تھے۔مگرآخری وقت میں بیرسٹر افتخار گیلانی کو نامزد کردیا گیا۔
اس حوالے سے نو منتخب ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی صفوں میں مکمل اتحاد ہے، میاں نواز شریف کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت پر مسلم لیگ (ن) میں کبھی دراڑ نہیں پڑی، مسلم لیگ میں چھوٹے موٹے گلے شکوے ہو سکتے ہیں، جماعت میں اختلاف نہیں، جب جماعت کی بات آتی ہے تو مسلم لیگ متحد ہو جاتی ہے۔ مسلم لیگ کی قیادت اور جماعت کے فیصلوں پر سب ایک پیج پر ہیں۔
مزید پڑھیں:سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی بھارتی کوشش جنگی اقدام تصور ہو گی، اسحاق ڈار
میاں نواز شریف کے فیصلے کو مسلم لیگ کے تمام ارکان تسلیم کرتے ہیں، کوئی ایسی دراڑ نہیں جو جماعتی اتحاد کو متاثر کرے،اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔









