بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نواز شریف نے آزاد کشمیر کیلئے 100 روزہ اصلاحاتی منصوبہ افتخار گیلانی کیساتھ شیئر کر دیا

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھے۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے اعتماد کا اظہار کرنے پر (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔

بیرسٹر افتخار گیلانی دو دن قبل آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17 ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے تھے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل وزیر تعلیم کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ پہلی بار 2011 میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ اس مرتبہ وہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کرکے ایوان میں پہنچے ہیں۔

(ن) لیگ کی قیادت نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب کی طرح آزاد جموں و کشمیر کو جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے ، اس موقع پر نواز شریف نے این اے 168 بہاولپور سے منیر اقبال چنڑ کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔

بیرسٹر افتخار گیلانی نے قانون ساز اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا شکر گزار ہوں۔

مزید پرھیں:مالاکنڈ، سوات ایکسپریس وے پر کوچ اور ڈمپر میں تصادم، 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔ اگر پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے تو کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔