بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلاول بھٹو کی منگنی و شادی کی رپورٹس غلط اور بے بنیادہیں، مرتضیٰ وہاب

سوشل میڈیا پر رپورٹس زیر گردش ہیں کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور صدر آصف علی زرداری کے صاحبزادے کی شادی ایک یورپی خاندان میں ہونے والی ہے۔

میئر کراچی اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگنی اور شادی سے متعلق رپورٹس کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری یا ان کے خاندان کی جانب سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

مرتضیٰ وہاب نے ہفتے کی رات دیر گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحت جاری کی، جس کے بعد یہ بیان سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر رپورٹس گردش کرنے لگیں کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور صدر آصف علی زرداری کے صاحبزادے کی شادی ایک یورپی خاندان میں ہونے والی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے کی شادی کے حوالے سے بات چیت اور تاریخ طے کرنے کے لیے ‘لیختن اسٹائن’ گئے ہیں، جو سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ایک چھوٹی خودمختار ریاست ہے۔

روزنامہ اوصاف نے بھی نامعلوم ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ 38 سالہ بلاول کی شادی کی تیاریاں جاری ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر زرداری اس سلسلے میں نجی دورے پر یورپ گئے ہوئے ہیں۔

27 اگست کو صدرِ مملکت کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ آصف علی زرداری نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں:کچے میں دو گروپوں کے درمیان خونریز مسلح تصادم، 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی

اس سے قبل بھی بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق خبریں زیر گردش رہی ہیں۔ سال 2024 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک صحافی نے بلاول بھٹو زرداری سے ان کی شادی سے متعلق پوچھا تھا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ یقیناً میرا شادی کرنے کا پروگرام ہے مگر انہوں نے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی تھی۔