بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ویمن ایشیا کپ: نشرا سندھو کی شاندار باؤلنگ، پاکستان کی ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست

دبئی: ویمنز ایشیا کپ کے ٹی20 مقابلے میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 72 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔میچ کی تفصیلا ت کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شوال ذوالفقار نے 35 گیندوں پر 47 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ عائشہ ظفر نے 19 گیندوں پر 26 اور فاطمہ ثنا نے 24 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے جوئلین کور نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اقرا سحر اور کیری چن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز بالخصوص نشرا سندھو کی تباہ کن باؤلنگ کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پوری ہانگ کانگ ٹیم 19 اوورز میں صرف 71 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہانگ کانگ کی جانب سے صرف کیری چن 30 اور یاسمین دسوانی 13 ہی دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکیں۔

ویمنز2

ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے نپے تلے اور جارحانہ اٹیک کا مقابلہ نہ کر سکی۔ گرین شرٹس نے شروعات سے ہی حریف بیٹرز کو دباؤ میں رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن اپ کو ریت کی دیوار ثابت کر دیا۔ پوری ہانگ کانگ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پاکستان نے 72 رنز کی بڑی فتح اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 اہم وکٹیں حاصل کیں اور حریف ٹیم کے لیے کامیابی کے تمام راستے مسدود کر دیے۔ فاطمہ ثنا نے 7 رنز دے کر 1 اور سعدیہ اقبال نے 8 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی-نشرا سندھو کو ان کی بے مثال باؤلنگ پرفارمنس پرپلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس شاندار اور ایک طرفہ مقابلے میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان ویمنز ٹیم نے ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ قومی ٹیم کی اس متوازن اور شاندار کارکردگی پر کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کھلاڑیوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ آنے والے سیمی فائنل اور فائنل میں بھی یہی فاتحانہ تسلسل برقرار رکھیں گے۔