وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے، جہاں وہ 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مختصر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ ڈائیلاگ، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔
شہباز شریف خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو بھی اجاگر کریں گے۔
وزیراعظم پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اسلاموفوبیا سمیت اہم عالمی امور پر پاکستان کی ترجیحات بیان کریں گے۔
وزیراعظم مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے اور ترقی، موسمیاتی اقدامات سمیت مختلف اعلیٰ سطح اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
دورہ نیویارک کے دوران وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔ وزیراعظم امریکا میں مقیم اوورسیز بزنس فورم کے نمائندوں کے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں فرانس کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایران امریکا جنگ اور مسئلہ فلسطین کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔









