بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی افغانستان سے ڈرون حملے کی شدید مذمت، 10 مقامات پر جوابی کارروائی

پاکستان 23 ستمبر 2026 کو افغان سرزمین سے پاکستان(Pakistan) کی طرف چلائے گئے ڈرونز کی شکل میں غیر قانونی اور جان بوجھ کر کی جانے والی مداخلت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ اقدام پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور جارحیت کا ایک سنگین اور ناقابلِ قبول عمل ہے۔

پاکستان برسوں سے افغان طالبان حکومت اور اس کے رابطہ کاروں کے سامنے افغان سرزمین پر دہشت گرد پناہ گاہوں اور ان کے معاون نیٹ ورکس کی مسلسل موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے۔ ان نیٹ ورکس کے خاتمے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے والوں کے خلاف قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق کارروائی کرنے کے بجائے، افغان طالبان حکومت نے پاکستان کے خلاف ڈرون کارروائیوں کے ذریعے صورتحال کو مزید بگاڑنے کا راستہ اختیار کیا۔

پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے تمام ڈرونز کو ان کے مطلوبہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی شناخت، ٹریک اور غیر مؤثر کر دیا، جس سے مجوزہ حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا۔ اپنی خودمختاری کے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے، پاکستان نے افغانستان میں ان ڈرونز کو لانچ اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے دس مقامات کی مکمل نشاندہی ہے بعد فضائی اور ڈرون حملے کیے۔ یہ حملے سوچے سمجھے، درست، متوازن اور مناسب تھے اور صرف انہی عسکری اہداف تک محدود تھے جو پاکستان کے خلاف حملوں سے براہِ راست جڑے ہوئے تھے۔

مزیدپڑھیں:پاکستان نے افغان سرزمین سے ڈرونز بھیجنا ملکی خود مختاری، سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیدیا

پاکستان افغان سرزمین سے کیے جانے والے حملوں کو ہرگز قبول یا برداشت نہیں کرے گا، چاہے یہ دہشت گرد گروہوں کی جانب سے ہوں یا خود افغان طالبان حکومت کی جانب سے۔ پاکستان کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ افغان طالبان کی جانب سے دھمکیاں، تردید یا ذمہ داری سے فرار کی کوششیں نہ تو حقائق کو بدل سکتی ہیں اور نہ ہی پاکستان کے اپنی سرزمین، عوام اور قومی سلامتی کے دفاع کے بنیادی حق کو محدود کر سکتی ہیں۔

پاکستان افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف تمام مکروہ سرگرمیاں فوری طور پر بند کرے اور افغان سرزمین سے کارروائیاں کرنے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر، ٹھوس، قابلِ تصدیق اور مسلسل کارروائی کرتے ہوئے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملے شروع کرنے یا ایسی دشمنی پر مبنی کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

پاکستان کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور علاقائی امن، مکالمے اور تعمیری روابط کے لیے پرعزم ہے۔ اس عزم کو کمزوری یا یہ مطلب نہ لیا جائے کہ ہم جارحانہ کارروائیاں برداشت کرتے رہیں گے۔ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنے شہریوں کی زندگیوں کا دفاع مکمل عزم کے ساتھ کرے گا اور ان کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ افغان طالبان کی جانب سے کسی بھی مزید اشتعال انگیز اقدام کا جواب مضبوط اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔