بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسٹیٹ بینک کا سالانہ 16 ارب روپے کے انعامات دینے کا اعلان

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خوش خبری ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان(State Bank Of Pakistan) نے سالانہ 16 ارب روپے کے انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خود انحصاری کے تحت ”پاسبان ریمیٹینس ریوارڈ“ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کے تحت بینکاری ذرائع سے پیسے بھیجنے والوں کو ہر سال 16 ارب روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مارکیٹ کی بنیاد پر انعامات دینے کی یہ منفرد اسکیم پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام شروع کی گئی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا اس اسکیم کے تمام اخراجات بینکنگ انڈسٹری خود برداشت کرے گی اور قومی خزانے پر اس کا ایک روپے کا بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔ اسکیم کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر کے لیے قانونی اور باضابطہ ذرائع استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
پی بی اے کے سی ای او منیر کمال کے مطابق اسکیم کی پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری 2027 کو ہوگی، جس میں یکم اکتوبر 2026 سے 31 دسمبر 2026 کے دوران آنے والی ترسیلات شامل کی جائیں گی۔ یہ قرعہ اندازی مکمل ڈیجیٹل اور شفاف ہوگی اور اسکیم میں شرکت بالکل مفت ہے۔

انعامات کی تفصیل
اسکیم کے تحت ہر سال 10,000 سے زائد خوش نصیبوں میں انعامات تقسیم ہوں گے۔ ہر سہ ماہی میں 4 ارب روپے مالیت کے 2,521 نقد انعامات دیے جائیں گے: پہلا انعام: 10 کروڑ روپے کا (ایک انعام)۔ دوسرا انعام: 2.5 کروڑ روپے کا (20 انعامات)۔ تیسرا انعام: 1 کروڑ روپے کا (100 انعامات)۔ چوتھا انعام: 10 لاکھ روپے کا (2,400 انعامات)۔

مزیدپڑھیں:جمہوریہ کانگو میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 2 اعلیٰ افسران سمیت 14 افراد ہلاک

کون اہل ہوگا؟

ایسا وصول کنندہ جو کسی بھی سہ ماہی میں لگاتار 3 ماہ تک اپنے بینک اکاوٴنٹ میں ماہانہ 100 یا اس سے زائد ڈالر وصول کرے گا۔ ہر 100 ڈالر پر ایک ڈیجیٹل انٹری نمبر ملے گا، اور رقم جتنی زیادہ ہوگی، اتنے ہی زیادہ ٹکٹ (انٹریز) ملیں گے۔

کوٹہ سسٹم

انعامات کا 50 فی صد خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک، 15 فی صد برطانیہ، 15 فی صد یورپ، 10 فی صد شمالی امریکا اور 10 فی صد دیگر ممالک کے لیے مختص کیا گیا ہے، جب کہ پہلا بڑا انعام تمام خطوں کے لیے اوپن ہوگا۔ اسکیم کے نتائج کا اعلان پاسبان کی مخصوص ویب سائٹ، اسٹیٹ بینک، پی بی اے اور بینکوں کے سوشل میڈیا پیجز پر کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے ملکی معیشت کے حوالے سے اہم انکشافات کیے۔ انھوں نے بتایا کہ فروری 2023 میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر گر کر محض 3.0 ارب ڈالر رہ گئے تھے، جو اب بہترین حکمتِ عملی کی بدولت بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر کی مستحکم سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ ماضی کے برعکس یہ ذخائر بیرونی قرضے لے کر نہیں بلکہ مارکیٹ سے زرمبادلہ خرید کر بڑھائے گئے ہیں۔ گورنر جمیل احمد نے سمندر پار پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کارکنوں کی ترسیلاتِ زر مالی سال 19 میں 21.7 ارب ڈالر تھیں، جو مالی سال 26 میں تقریباً دگنا اضافے کے ساتھ 41.6 ارب ڈالر کی تاریخی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں، زرمبادلہ ذخائر 3 ارب سے بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر ہو گئے۔