بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پکانے سے پہلے مرغی کا گوشت دھونا کتنا خطرناک ہے؟

کھانا پکانے سے پہلے کچے چکن(chicken) کو نل کے نیچے دھونے کا عام روایتی طریقہ آپ کے باورچی خانے کو خطرناک حد تک گندا اور جراثیم سے آلودہ کر سکتا ہے. ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چکن کو دھونے سے جراثیم ختم نہیں ہوتے بلکہ پانی کے چھینٹوں کے ذریعے پورے کچن میں پھیل جاتے ہیں.

نسل در نسل بہت سے گھروں میں یہ سمجھا جاتا رہا ہے کہ پکانے سے پہلے گوشت کو اچھی طرح دھونا صفائی کے لیے لازمی ہے. لیکن بظاہر یہ بے ضرر عادت دراصل اس کے برعکس کام کر رہی ہے، جس سے کچن کے کاؤنٹرز، برتن اور آس پاس رکھی دیگر خوراک بھی آلودہ ہو جاتی ہے۔

دہلی کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر الوک چوپڑا نے بھی سوشل میڈیا پر لوگوں کو کچا چکن دھونے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے مطابق چکن کو محفوظ بنانے کے لیے اسے دھونا نہیں بلکہ مناسب درجہ حرارت پر اچھی طرح پکانا ضروری ہے۔

ڈاکٹر چوپڑا کا کہنا ہے کہ کچے چکن میں سالمونیلا اور کیمپائلووبیکٹر جیسے خطرناک بیکٹیریا پائے جاتے ہیں. جب نل کے بہتے ہوئے پانی کے نیچے کچا چکن دھویا جاتا ہے تو پانی کے قطرے گوشت کی سطح سے ٹکرا کر انتہائی باریک ذرات کی صورت میں فضا میں بکھر جاتے ہیں. یہ آلودہ قطرے سنک، کچن کے کاؤنٹر، برتنوں, چھڑی اور قریب رکھے تازہ پھلوں یا سلاد پر گر سکتے ہیں۔

یہ جراثیم آنکھوں سے نظر نہیں آتے، اس لیے صرف پانی بہانے سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کچن کی کون سی سطح آلودہ ہوگئی ہے۔ اگر یہی جراثیم کھانے کے ذریعے جسم میں داخل ہوجائیں تو فوڈ پوائزننگ کا سبب بن سکتے ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Alok Chopra (@dralokchopra)


طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی، سرکہ یا لیموں کا رس جراثیم کو ختم نہیں کر سکتے، بلکہ واحد چیز جو چکن کو مکمل محفوظ بناتی ہے وہ مناسب درجہ حرارت پر اس کا پکنا ہے۔ کچے مرغی کے گوشت کو بغیر دھوئے براہ راست پکانے کے لیے تیار کرنا زیادہ محفوظ طریقہ سمجھا جاتا ہے۔

مزیدپڑھیں:کیا بالی ووڈ کو نیا سلمان خان مل گیا؟ ساجد ناڈیاڈوالا کے چھوٹے بیٹے سفیان کے چرچے

چکن کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے اندرونی طور پر کم از کم 165 ڈگری فارن ہائیٹ یعنی تقریبا 74 ڈگری سینٹی گریڈ تک پکایا جائے، جو تمام نقصان دہ بیکٹیریا کو مار دیتا ہے۔

صرف چکن کا باہر سے سفید یا بھورا ہوجانا ہمیشہ اس بات کی ضمانت نہیں ہوتا کہ گوشت اندر سے بھی مکمل طور پر پک چکا ہے۔ خاص طور پر موٹے ٹکڑوں میں اندرونی درجہ حرارت کا مناسب ہونا زیادہ اہم ہے۔

کچن میں جراثیم پھیلنے سے کیسے بچیں؟

کچا چکن پیکٹ سے نکال کر بغیر دھوئے براہ راست پکانے کی تیاری کی جاسکتی ہے۔ اگر گوشت بہت زیادہ گیلا ہو تو اسے صاف کاغذ سے ہلکے ہاتھ سے خشک کیا جاسکتا ہے، لیکن استعمال شدہ کاغذ فوراً کوڑے میں پھینک دینا چاہیے۔

کچے چکن کو چھونے کے بعد ہاتھ کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن اور پانی سے اچھی طرح دھونا بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ وہ کٹنگ بورڈ، چھری، پلیٹ یا کاؤنٹر جس پر کچا چکن رکھا گیا ہو، اسے بھی اچھی طرح صاف کرنا چاہیے۔

ایک اور اہم احتیاط یہ ہے کہ کچے گوشت کے لیے الگ کٹنگ بورڈ استعمال کیا جائے اور اسے سلاد، پھل یا ایسی غذاؤں کے لیے استعمال نہ کیا جائے جو بعد میں پکائی نہیں جاتیں۔

فوڈ پوائزننگ کی علامات کیا ہوسکتی ہیں؟

اگر نقصان دہ بیکٹیریا سے آلودہ کھانا کھایا جائے تو بعض افراد میں پیٹ درد، متلی، قے، دست اور بخار جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔ علامات کی شدت جراثیم کی قسم اور متاثرہ شخص کی صحت کے مطابق مختلف ہوسکتی ہے۔

اس لیے چکن خریدنے، گھر لانے، کاٹنے اور پکانے کے دوران صفائی کے اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔ ایک چھوٹی سی احتیاط نہ صرف چکن بلکہ پورے کچن کو جراثیم کے پھیلاؤ سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔