بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب یونیورسٹی،احسن بھون کی ڈگریوں کی تصدیق، کیپٹن صفدر کے اعتراضات مسترد

اسلام آباد: پنجاب یونیورسٹی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری احسن بھون کی ایل ایل بی اور بی اے کی ڈگریوں کی تصدیق کردی۔ پاکستان بار کونسل کے ریکارڈ کے مطابق یونیورسٹی نے دونوں ڈگریاں درست قرار دی ہیں۔

پاکستان بار کونسل نے 19 دسمبر 2025 کو پنجاب یونیورسٹی سے بعض ارکان کی تعلیمی اسناد کی تصدیق طلب کی تھی۔ یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات نے 21 جنوری کو بار کونسل کے سیکریٹری کو خط کے ذریعے چھ ارکان کی ایل ایل بی اور بی اے ڈگریوں کی تصدیق سے آگاہ کیا، جن میں احسن بھون بھی شامل تھے۔

یونیورسٹی کے ریکارڈ کے مطابق احسن بھون نے 1989 میں ایل ایل بی کے امتحان میں 700 میں سے 321 نمبر حاصل کرکے سیکنڈ ڈویژن حاصل کی، جبکہ 1984 میں بی اے کے امتحان میں 800 میں سے 406 نمبر لے کر سیکنڈ ڈویژن حاصل کی تھی۔

دوسری جانب پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے احسن بھون کی تعلیمی اسناد، انرولمنٹ اور پیشہ ورانہ حیثیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں شکایت جمع کرائی تھی۔ صفدر نے مطالبہ کیا تھا کہ احسن بھون کی اصل ڈگری اور متعلقہ ریکارڈ کی آزادانہ طور پر تصدیق کرائی جائے۔

مزید پڑھیں:خیبر میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، ملک میں مجموعی تعداد 6 ہو گئی، این ای او سی

تاہم پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان بار کونسل کو فراہم کردہ ریکارڈ میں احسن بھون کی ایل ایل بی اور بی اے ڈگریاں تصدیق شدہ قرار دی گئی ہیں۔