بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونا ایک بار پھر سستا ہو گیا

مقامی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک بارپھر کمی ہو گئی ہے۔گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ اس سے ایک دن قبل سونے کی فی تولہ قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 100 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 34 ہزار 436 روپے ہو گئی ہے۔

10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 658 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 72 ہزار 458 روپے کی سطح پر آ گئی ہے جبکہ فی تولہ چاندی بھی 100 روپے سستی ہوکر 6 ہزار 488 روپے پر آگئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت
رائٹرز کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 31 ڈالر کمی کے بعد 4,119 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں حالیہ دباؤ کی بڑی وجوہات میں امریکی ڈالر کی مضبوطی، امریکی بانڈ ییلڈز میں اضافہ اور فیڈرل ریزرو کے آئندہ شرح سود کے فیصلوں سے متعلق غیر یقینی صورتحال شامل ہے۔

مارکیٹ میں سرمایہ کار فیڈرل ریزرو کی ستمبر اجلاس کی منٹس کے منتظر ہیں، جن سے مستقبل کی شرح سود کے بارے میں اشارے ملنے کی توقع ہے۔ بلند شرح سود اور مضبوط ڈالر عموماً سونے جیسے غیر سودی اثاثے کی کشش کم کرتے ہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ
رائٹرز کے مطابق دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ برینٹ خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر جاچکا ہے جبکہ آج برینٹ تقریباً 101.80 ڈالر اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ تقریباً 89.90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور خلیج میکسیکو میں موسم سے متعلق خدشات ہیں۔

توانائی کی بلند قیمتیں عالمی افراطِ زر کے خدشات بڑھا سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں مرکزی بینکوں کی جانب سے شرح سود بلند رکھنے کا امکان پیدا ہوتا ہے، یہ صورتحال مختصر مدت میں سونے کے لیے دباؤ کا باعث بن سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:غربت میں اضافہ: خطے کے انتہائی غریب افراد میں 48 فیصد پاکستانی ہیں، عالمی بینک

تاہم ماہرین کے مطابق بلند تیل قیمتوں، جغرافیائی کشیدگی اور عالمی قرضوں کے خدشات نے سونے کی طویل مدتی محفوظ سرمایہ کاری کی حیثیت ختم نہیں کی۔