کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس شیر شاہ اسٹیشن کے قریب پٹڑی سےاترگئی جس کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پچھلے 2 ہفتوں کے دوران مسافر ٹرینوں کو پیش آنے والا یہ چوتھا واقعہ ہے، 30 ستمبر کو راولپنڈی سے کراچی جانے والی مسافرٹرین پاکستان ایکسپریس کی ایک بوگی کھاریاں کے قریب پٹڑی سے اتر ی تھی ۔
اگلے ہی دن کراچی سےلاہور جانیوالی شالیمار ایکسپریس جبکہ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس پٹڑی سے اتریں۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرین میں 500 سے 600 لوگ سوار تھے، اب تک 13 بوگیاں کلیئر کر دی گئی ہیں، مزید بوگیوں میں آپریشن جاری ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے مزید بتایا کہ ایک بوگی کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا جا رہا ہے، ٹریک کی بحالی کا کام آپریشن مکمل ہونے کے بعد شروع ہو گا۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن نے بھی حادثے میں 4افراد کےجاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ، بابررضا کے مطابق انکوائری کاحکم دے دیا گیا ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، ٹریک کلیئر کرنے کیلئے امدادی آپریشن جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو ملتان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکالا جارہا ہے۔ زخمی مسافروں کو طبی امداد اور لاشوں کو نشتر اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے زخمیوں کی فوری منتقلی کے سلسلے کو مزید تیز کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کیلئے جائے حادثہ پر ریلیف کیمپ قائم کرتے ہوئے مسافروں کو رہائش اور کھانے سمیت ضروری سامان کی ترسیل کے کام کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرڈاکٹرفیصل سلیم کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں اس کے علاوہ لواحقین کیلئے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلیم کے مطابق ابتدائی طور پر 4 افراد کے جاں بحق اور 18 مسافروں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے رحمان بابا ایکسپریس کے حادثے پراظہار تشویش کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرہ مسافروں کی فوری امداد اور سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات کے تعین کیلئے شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔
وزیراعظم نے بھی رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کیا۔
مزید پڑھیں:’ مذاکرات’ کیلئے تیار، گورنر راج کیخلاف جدو جہد بھی جاری رکھیں گے، اچکزئی
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔









