سابق پریمیئر لیگ اسٹار اور تجزیہ کار جیرمین پیننٹ کتے کے حملے میں شدید زخمی ہوگئے، جہاں انہیں ٹانگ پر 50 سے زائد ٹانکے لگوانے پڑے۔ سابق آرسنل اور لیورپول اسٹار کی جان ان کے اپنے پالتو کتے کنگ نے بچائی۔
43 سالہ جیرمین پیننٹ اپنے امریکن اکیٹا نسل کے کتے کنگ کو سیر کروا رہے تھے کہ اس دوران ایک جرمن شیفرڈ کتے نے ان کے پالتو کتے پر حملہ کردیا۔ کنگ کو بچانے کی کوشش میں جیرمین خود بھی حملے کی زد میں آگئے۔
برطانوی اخبار دی سن سے گفتگو کرتے ہوئے جیرمین پیننٹ نے بتایا کہ واقعہ انتہائی خوفناک تھا۔ دوسرے کتے نے پہلے کنگ پر حملہ کیا، جس پر وہ اپنے کتے کو بچانے کے لیے آگے بڑھے لیکن اگلے ہی لمحے کتا ان پر حملہ آور ہوگیا۔
جیرمین نے بتایا کہ وہ زمین پر گر گئے اور حملہ آور کتے نے کم از کم پانچ سیکنڈ تک ان کی ٹانگ کو اپنے جبڑوں میں جکڑے رکھا، جس کے دوران انہیں شدید دباؤ اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ کنگ اپنے مالک کو بچانے کے لیے فوراً آگے بڑھا اور دونوں کتوں کے درمیان شدید لڑائی شروع ہوگئی۔ کنگ اس وقت تک ان کے ساتھ کھڑا رہا، جب تک مدد نہیں پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں:امریکی فوج 96 گھنٹوں میں ایران کیخلاف بڑی کارروائی کیلئے تیار ہے، سی این این
جیرمین پیننٹ نے اپنے کتے کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کنگ نے ان کی جان بچائی۔ اگر ان کا پالتو کتا چھوٹے قد کا ہوتا تو شاید ان کے لیے اس حملے سے بچنا ممکن نہ ہوتا۔









