بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن فلم ’کنگ‘ کا نیا پوسٹر سامنے آگیا ہے، جس میں ان کے انداز نے مداحوں کو 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بادشاہ‘ کی یاد دلا دی ہے۔ فلم کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ نے پوسٹر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری کیا۔
پوسٹر میں شاہ رخ خان ایک منفرد اور پُراسرار، قدرے خطرناک انداز میں دکھائی دے رہے ہیں، تاہم ان کے کردار میں محبت کا پہلو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ پوسٹ کے ساتھ درج جملہ ’قاتل نہیں، عاشق ہے‘ فلم میں ان کے کردار کی اسی دوہری شخصیت کی جانب اشارہ کرتا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کررہے ہیں۔ شاہ رخ خان کے علاوہ ان کی بیٹی سہانا خان، دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی اور انیل کپور سمیت دیگر اداکار بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔
’کنگ‘ کی تشہیری مہم کے دوران اس سے پہلے بھی شاہ رخ خان کے مختلف روپ دکھائے جاچکے ہیں۔ ایک پروموشنل کلپ میں وہ زخمی چہرے، سفید بالوں اور منہ میں تاش کا پتہ دبائے نظر آئے تھے۔ اس کلپ میں ان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ کا معروف مکالمہ ’پکچر ابھی باقی ہے‘ بھی شامل تھا۔
مزید پڑھیں:عالمی منڈی میں دوسرے روز بھی خام تیل کی قیمتوں میں ملسل کمی ریکارڈ
فلم کو بھرپور ایکشن سے مزین قرار دیا جارہا ہے، جس میں شاہ رخ خان کا کردار خطرناک شخصیت کے ساتھ رومانوی پہلو بھی رکھتا ہے۔ ’کنگ‘ کی سنیما گھروں میں ریلیز کی تاریخ 24 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔









