ٹک ٹاکر کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ سے 2 افراد جاں اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے ٹک ٹاکر سمیت 40 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔
مفرور ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو نے نامعلوم مقام سے جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اسٹیڈیم میں جو واقعہ پیش آیا یہ ایک حادثہ تھا جس میں میرا کوئی قصور نہیں، مشکل وقت میں سب مجھے چھوڑ کر چلے گئے، میری اگلی ویڈیو نہ آئی تو سمجھ لینا میں نے خودکشی کرلی۔
پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 17 افراد شدید زخمی ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس نے ٹک ٹاکر سمیت 40 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ موترہ میں مقدمہ درج کر کے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
نامعلوم مقام سے ریکارڈ کیے گئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں مسٹر پتلو نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہے، میں نے ہمیشہ غریبوں کی مدد کی،جو لوگ دنیا سے چلے گئے ہیں میں ان کے ورثا کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں 3 دن سے ایک ہی کپڑوں میں پھر رہا ہوں، 7 اکتوبر کو میرا ولیمہ تھا ، 5 کو مہندی اور 6 کو بارات تھی، یہ ایونٹ میں نے عوام کیلئے رکھا تھا، 20 غریب بچیوں کی شادی بھی کروانا تھی اورعوام کو کچھ راشن دینا تھا۔
بائیکیں وغیرہ بھی دینی تھیں، 10 دن پہلے ہی ویڈیو بنا کر میں نے خبردار کیا تھا کہ جو بھی آئے اپنے سامان کی خود حفاظت کرے، کوئی کسی کو کچھ نہ کہے، کوئی ایک دوسرے کو دھکا نہ مارے اور ڈسپلن کا خیال رکھیں۔
مسٹر پتلو نے دعویٰ کیا کہ میں نے اس ایونٹ کا باقاعدہ این او سی لیا تھا جس کے بعد انعقاد کیا، ایونٹ سے ایک دن پہلے میں اسی گراونڈ میں موجود تھا جہاں میں نے کرکٹ کھیلی وہیں میری کمر کی ایک ’ڈسک‘ ہل گئی جس کے باعث مجھے اسپتال جانا پڑا۔میں وہیں گرگیا تو 4 لوگوں نے اٹھایا اور گھر لئے گئے جہاں میں ساری رات تکلیف میں رہا۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو مہندی کی تقریب اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کے لیے اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا لیکن بعدازاں شرائط کی خلاف ورزی پر اسے منسوخ کر دیا گیا۔
مسٹر پتلو نے مزید بتایا کہ صبح اٹھ کر میں جب اسپتال جانے لگا تو مجھے بتایا گیا کہ بھگدڑ کا واقعہ پیش آ گیا ہے ، اگر رش میں ایسا کوئی حادثہ ہو جاتا ہے تو اس میں میرا کیا قصور ہے ؟ میں 2 دن سے غائب ہوں اور مجھے خود سمجھ نہیں آرہی کہ میں کیا کروں ۔
ٹک ٹاکر نے کہا کہ میرے خلاف ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ میں اس دن اسٹیڈیم میں موجود ہوں حالانکہ میں اس وقت اسپتال میں تھا اور ایم آئی ار کروا رہا تھا، سب کچھ ریکارڈ پر موجود ہے ۔میرے والد اسٹیج پر ہیں، مجھے نہیں پتا کہ وہ اب کہاں ہیں ۔
مسٹر پتلو نے روتے ہوئے کہا کہ ”میرا خود جینے کو دل نہیں کررہا، سوچا کچھ تھا اور ہوا کچھ اور۔۔۔سب میرے پاس آتے تھے مگر اب سب مجھے چھوڑ کر چلے گئے ہیں ۔میں آپ کو نہیں بتا سکتا میں اس وقت کس حالت میں ہوں۔ میری اگلی ویڈیو نہ آئے تو سمجھ لینا میں زندہ نہیں ہوں۔“
مزید پڑھیں:پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے 5 نکاتی منصوبہ شروع کر دیا، اسحاق ڈار
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی مداخلت کی اپیل کی۔









