بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پانی سے توانائی کا نیا راستہ؛ کراچی کے نوجوان انجینئرز کے پاک ہائیڈرو کی بڑی پیش رفت

پانی(Water) سے ہائیڈروجن گیس تیار کرنے والا الیکٹرولیسس جنریٹر مقامی سطح پر تیار ہوگیا ہے جس سے صنعتی، تجارتی اور گھریلو استعمال کے امکانات روشن ہوگئے ہیں

پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران، مہنگے درآمدی ایندھن اور صنعتی پیداواری لاگت میں اضافے کے درمیان کراچی کے نوجوان انجینئرز نے اسٹارٹ اپ پاک ہائیڈرو کی شکل میں ایک ایسا مقامی حل پیش کیا ہے جو مستقبل میں ملک کے توانائی کے منظرنامے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

اسٹارٹ اپ کی ٹیم نے پانی سے ہائیڈروجن گیس کشید کرنے والا الیکٹرولیسس جنریٹر تیار کیا ہے، جس کے ذریعے پیدا ہونے والی ہائیڈروجن کو شعلے اور حرارت کی شکل میں صنعتی، تجارتی اور گھریلو مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔


اس پروٹوٹائپ کی بنیادی خصوصیت یہ ہے کہ پانی کو الیکٹرولیسس کے عمل سے گزار کر ہائیڈروجن اور آکسیجن میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ حاصل ہونے والی ہائیڈروجن کو فوری طور پر جلانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، جبکہ اس نظام کو روایتی گیس اور دیگر فوسل فیول پر انحصار کم کرنے کے متبادل کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔

اس منصوبے کی قیادت محمد آیان کررہے ہیں جو سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الیکٹریکل انجینئرنگ کے طالب علم اور پاک ہائیڈرو کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔ ٹیم میں ڈاکٹر عثمان الاؤالدین شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں، جو این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ میں پروفیسر ہیں، جبکہ امیر علی شریک بانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں، جو سرسید یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:تربیلا حادثہ؛ 82 ارب روپے کا توسیعی منصوبہ 200 ارب تک پہنچنے کا خدشہ

ڈاکٹر عثمان الاؤالدین کے مطابق موجودہ پروٹوٹائپ میں تقریباً 6 سے 8 منٹ کے اندر ایک کلوگرام ہائیڈروجن گیس تیار کرنے کی صلاحیت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس عمل میں تقریباً 8 سے 10 لیٹر پانی استعمال ہوتا ہے، جبکہ بجلی کی کھپت اور پیداواری لاگت کا انحصار جنریٹر کی استعداد اور مسلسل آپریشن پر ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بجلی کی ضرورت شمسی توانائی سے پوری کی جائے تو اس نظام کو قابل تجدید توانائی کے ذریعے چلایا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں توانائی کے بحران اور درآمدی ایندھن پر انحصار کے تناظر میں اس اسٹارٹ اپ کی اہمیت محض ایک تجرباتی مشین کی تیاری تک محدود نہیں۔ ملک میں چھوٹے صنعتی پیداواری یونٹس، دھاتوں کی تیاری و ویلڈنگ، ٹیکسٹائل، بیکریوں، تندوروں اور دیگر کاروباری شعبوں میں حرارت کی مسلسل ضرورت رہتی ہے۔ ان شعبوں میں ایل پی جی، قدرتی گیس اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے۔ پاک ہائیڈرو کی ٹیم کے مطابق ہائیڈروجن ٹارچ سسٹم ان شعبوں کے لیے مقامی متبادل بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ہائیڈروجن گیس کا شعلہ کتنا محفوظ؟ مقامی جنریٹر میں تین سطحوں پر حفاظتی نظام متعارف

ہائیڈروجن گیس کو توانائی کے متبادل ذریعے کے طور پر استعمال کرنے میں جہاں کم آلودگی اور فوری حرارت کے امکانات موجود ہیں، وہیں اس گیس کی انتہائی آتش گیر نوعیت کے باعث حفاظت ایک بنیادی تقاضا ہے۔ کراچی کے نوجوان انجینئرز کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرولیسس جنریٹر میں اسی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

منصوبے کے خالق محمد آیان کے مطابق ہائیڈروجن کو بڑی مقدار میں ذخیرہ کرنے کے بجائے ضرورت کے مطابق پیدا کرنا اس نظام کی بنیادی خصوصیت ہے۔ اس سے گیس ذخیرہ کرنے کے بعض خطرات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم گیس کی پیداوار، ترسیل اور شعلے تک پہنچنے کے تمام مراحل میں حفاظتی انتظامات ضروری ہیں۔

کیا پانی سے تیار ہونے والی ہائیڈروجن واقعی سستی توانائی ہوگی؟

پانی سے ہائیڈروجن گیس تیار کرنے والے مقامی الیکٹرولیسس جنریٹر کی کامیابی کا ایک اہم پہلو اس کی پیداواری لاگت ہے۔ انجینئرز کا دعویٰ ہے کہ مقامی سطح پر تیار کردہ اس پروٹوٹائپ کی ابتدائی تیاری پر تقریباً 50 ہزار روپے خرچ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے بنیادی اجزا بھی مقامی طور پر حاصل کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر عثمان الاؤالدین کے مطابق موجودہ ماڈل تقریباً 6 سے 8 منٹ میں ایک کلوگرام ہائیڈروجن تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس عمل میں 8 سے 10 لیٹر پانی استعمال ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بجلی کی قیمت اور استعمال ہونے والی توانائی کو شامل کرکے فی کلوگرام ہائیڈروجن کی اصل لاگت کا تعین کیا جاسکتا ہے۔

ہائیڈروجن سے آلودگی میں کمی کے امکانات، مگر گرین انرجی کا انحصار بجلی کے ذریعے پر ہوگا

کراچی(بزنس رپورٹر )توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش میں ہائیڈروجن کو ایک اہم مقام حاصل ہے، کیونکہ اسے جلانے سے کاربن ڈائی آکسائیڈ پیدا نہیں ہوتی اور اس کا بنیادی نتیجہ پانی کے بخارات کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ کراچی کے نوجوان انجینئرز کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرولیسس جنریٹر بھی اسی بنیاد پر ماحول دوست توانائی کے ممکنہ حل کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔

اس نظام میں پانی کو بجلی کے ذریعے ہائیڈروجن اور آکسیجن میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں ہائیڈروجن کو آکسیجن کی موجودگی میں جلانے سے حرارت حاصل کی جاتی ہے۔ اس عمل میں روایتی فوسل فیول کی طرح براہ راست کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج نہیں ہوتا۔