راولپنڈی: تھانہ دھمیال کی حدود میں زیر زمین پائپ لائن سے کروڈ آئل چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
ملزمان زیر زمین سرنگ کھود کر پی او ایل (پاکستان آئل فیلڈ لیمٹڈ) کی لائن سے کروڈ آئل چوری کرتے تھے جس کے لیے ملزمان نے پی او ایل کی مین سپلائی لائن کے قریب مکان کرایے پر حاصل کر رکھا تھا۔
ملزمان نے فیول چوری کے لیے سرنگ کے ذریعے 181 فٹ طویل پائپ زیر زمین بچھا رکھا تھا۔
پولیس نے موقع سے 3 ملزمان محمد ممتاز، شوکت اور محمد اکرام کو گرفتار کرکے گھر میں موجود زیر زمین ٹینک سے 1431 لیٹر کروڈ آئل برآمد کرلیا گیا۔
پولیس نے سینیئر ایگزیکٹو ایڈمن پی او ایل شاہد احمد کی درخواست پر ایف آئی آر بھی درج کرلی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مین لائن سے مجموعی طور پر 1100 بیرل کروڈ آئل چوری کیا گیا جس کی مجموعی مالیت 2کروڑ 32لاکھ سے زائد ہے، ملزمان نے کمپنی کی ہائی پریشر سپلائی لائن پر کلیمپ کے ذریعے پائپ لگا رکھا تھا۔
مزید پڑھیں:جے یو آئی (ف) کے رہنما مفتی اویس دھر لئے گئے، پارٹی ترجمان کی مذمت
ملزمان کے ساتھ مکان کا نگران شاہ محمد، ساجد، اختر، حفظ الرحمن ور زاہد بھی کروڈ آئل چوری میں ملوث ہیں۔








