بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

11.11 سیل: صرف 458 روپے میں مکمل فلیٹ فروخت، خریدار بھی حیران رہ گیا

چین میں 11.11 شاپنگ فیسٹیول کے دوران جہاں لوگ موبائل فون، کپڑوں اور دیگر اشیا پر بھاری رعایت حاصل کرنے کے لیے خریداری کرتے ہیں، وہیں اس بار ایک ایسی ڈیل سامنے آئی جس نے سب کو حیران کردیا۔ ایک شخص نے آن لائن نیلامی میں محض 11 یوآن، یعنی صرف 458 روپے میں پورا فلیٹ (Flat)خرید لیا۔

یہ دلچسپ واقعہ چین کے مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک خریدار کے ساتھ پیش آیا، جس نے ملک کے شمال مشرقی صوبے ہیلونگ جیانگ میں واقع دو بیڈ روم کا فلیٹ انتہائی معمولی قیمت پر اپنے نام کرلیا۔

ساؤتھ چائنا نارننگ پوسٹ کے مطابق یہ فلیٹ 68 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے اور عمارت کی ساتویں منزل پر واقع ہے۔ اس کی نیلامی علی بابا کے آن لائن پلیٹ فارم علی بابا آکشن کے ذریعے کی گئی، جہاں بولی لگانے کا آغاز صرف ایک یوآن سے ہوا تھا۔

نیلامی کے قواعد بھی خاصے دلچسپ تھے۔ بولی میں ہر بار صرف 0.01 یوآن کا اضافہ کیا جاسکتا تھا، جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت کی حد 11 یوآن مقرر کی گئی تھی۔ اس طرح خریداروں کو انتہائی کم قیمت پر فلیٹ حاصل کرنے کا موقع دیا گیا۔

پلیٹ فارم کے ریکارڈ کے مطابق اس نیلامی میں ایک ہزار 667 افراد نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر ایک ہزار ایک بولیاں لگائی گئیں۔ بالآخر 5 نومبر کو نیلامی ختم ہوئی تو مشرقی چین کے علاقے جیانگ سو اور ژی جیانگ سے تعلق رکھنے والے ایک گمنام خریدار نے کامیابی حاصل کرلی۔

دلچسپ بات یہ تھی کہ خریدار نے سب سے پہلے مقررہ حد یعنی 11 یوآن کی بولی جمع کرائی تھی، جس کے باعث فلیٹ اس کے نام ہوگیا۔ خریدار نہ صرف نیلامی کی رقم بلکہ پلیٹ فارم کی ٹرانزیکشن فیس بھی ادا کرچکا ہے۔

مزیدپڑھیں:ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری، ابرار احمد نے مچل سینٹنر کو پیچھے چھوڑ دیا

تاہم، اتنی سستی قیمت پر گھر ملنے کے باوجود خریدار کا اسے مستقل رہائش بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ نیلامی کی براہِ راست نشریات کے دوران اس نے بتایا کہ وہ ہیلونگ جیانگ منتقل نہیں ہونا چاہتا بلکہ سردیوں میں کبھی کبھار چھٹیاں گزارنے کے لیے اس فلیٹ کو استعمال کرے گا۔

یہاں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ فلیٹ کی قیمت 11 یوآن ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ خریدار کو اس کے علاوہ کوئی رقم ادا نہیں کرنا ہوگی۔ ملکیت کی قانونی منتقلی مکمل کرنے کے لیے اسے تقریباً 2,000 یوآن، یعنی 300 امریکی ڈالر کے قریب سرکاری ڈیڈ ٹیکس بھی ادا کرنا ہوگا۔

مقامی پراپرٹی ایپس کے اندازوں کے مطابق اس فلیٹ کی عام مارکیٹ میں قیمت تقریباً 40 ہزار یوآن ہے، جبکہ اسی رہائشی کمپلیکس میں دوبارہ فروخت ہونے والے گھروں کی اوسط قیمت تقریباً 2,700 یوآن فی مربع میٹر بتائی گئی ہے۔

نیلامی کے منتظم ادارے کے ایک عہدیدار نے فینگ میان نیوز کو بتایا کہ یہ پیشکش علی بابا آکشن کی 11.11 پروموشن کا حصہ تھی۔ فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق متعلقہ کمپنی ادا کرے گی۔ اس پروموشن نے خریدار کو اتنی کم قیمت پر فلیٹ حاصل کرنے کا موقع دیا۔

اس غیر معمولی خریداری کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی دلچسپ تبصرے کیے گئے۔ بعض افراد نے خریدار کو خوش قسمت قرار دیا اور افسوس ظاہر کیا کہ انہیں نیلامی ختم ہونے کے بعد اس پیشکش کا پتا چلا۔

ایک صارف نے لکھا کہ اسے اس بات پر رشک آرہا ہے کہ کسی کو اتنی کم قیمت پر فلیٹ مل گیا، جبکہ ایک اور صارف نے توجہ دلائی کہ اگر کوئی شخص اس گھر میں شاذ و نادر ہی قیام کرے گا تو اسے سالانہ انتظامی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑیں گے۔

ایک صارف نے اس ڈیل کو ایک ڈالر میں محل خریدنے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی جائیداد خریدنا تو آسان ہوسکتا ہے، لیکن اس کی دیکھ بھال اور اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ انتہائی کم قیمت پر ملنے والی جائیداد ہمیشہ فائدے کا سودا نہیں ہوتی۔ بیجنگ کی جن سو لا فرم سے تعلق رکھنے والے وکیل وانگ یوچن کے مطابق ایسی جائیدادوں کی خریداری سے پہلے ان کے قانونی کاغذات اور ملکیت کی صورتحال اچھی طرح جانچنا ضروری ہے۔

چین میں اس طرح انتہائی کم قیمت پر جائیداد فروخت ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ نومبر 2024 میں بھی صوبہ شان ڈونگ کے شہر ویہائی میں ایک خاتون نے نیلامی کے ذریعے 40 مربع میٹر کا فلیٹ صرف 11 یوآن میں خریدا تھا جو سمندر کے قریب واقع تھا۔ اس وقت اس فلیٹ کی مارکیٹ قیمت 50 ہزار یوآن بتائی گئی تھی۔

پراپرٹی کے شعبے سے وابستہ افراد کے مطابق اس طرح کی انتہائی کم قیمت والی نیلامیوں کا ایک مقصد لوگوں کی توجہ حاصل کرنا اور مستقبل میں ہونے والی جائیدادوں کی فروخت کے لیے تشہیر کرنا بھی ہوتا ہے۔