ازبکستان(Uzbekistan) نے پاکستان کو بیجوں، باغبانی اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کی پیشکش کردی۔
پاکستان اور ازبکستان نے زرعی تحقیق، بیجوں کی تیاری، باغبانی اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے زرعی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔
اس سلسلے میں گفتگو 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر انطالیہ، ترکیہ میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور ازبکستان کے نائب وزیر زراعت علی شیر شکوروف کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔
ملاقات کے دوران بالخصوص کپاس اور باغبانی کی فصلوں کے لیے ہائبرڈ اور جینیاتی طور پر تبدیل شدہ (جی ایم او) بیجوں کی تیاری میں مشترکہ تحقیق کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ لائیوسٹاک کے شعبے میں تکنیکی تعاون، سائنسی مہارتوں سے استفادے، تحقیقی تجربات کے تبادلے اور جدید زرعی حل کے ذریعے پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان میں ازبکستان کا تکنیکی ماہرین پر مشتمل وفد بھیجنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے زرعی ماہرین اور متعلقہ تحقیقی اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ مجوزہ دورے سے مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ادارہ جاتی تعاون کے عملی امکانات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
مزیدپڑھیں:11.11 سیل: صرف 458 روپے میں مکمل فلیٹ فروخت، خریدار بھی حیران رہ گیا
یہ بات چیت کوپ 31 کے موقع پر ازبکستان کے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی و غذائی نظام میں سرمایہ کاری کے اقدامات کے تناظر میں بھی اہمیت کی حامل ہے۔ ازبکستان نے 11 نومبر کو اپنے قومی پویلین میں اینورا (ANORA) پلیٹ فارم کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس حکومتی اقدام کا مقصد سرمایہ کاری کو متحرک کرنا، قابلِ عمل زرعی منصوبے تیار کرنا اور پائیدار زمین کے انتظام، پانی کے مؤثر استعمال کے بنیادی ڈھانچے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے زرعی و غذائی نظام کو فروغ دینا ہے۔
زرعی تحقیق کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت اور سرمایہ کاری سے منسلک کرنے کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان یہ رابطہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ بیجوں، پائیدار زرعی طریقوں، لائیوسٹاک تحقیق اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کرتا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی تبادلے اور تجربات سے استفادے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن کے ذریعے زرعی شعبے کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے، پیداوار بڑھانے اور غذائی نظام کو مزید مستحکم بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ ملاقات پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی زرعی شراکت داریوں کو وسعت دینے، تحقیق پر مبنی ترقی کو فروغ دینے اور دوست ممالک کے ساتھ عملی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔








