کراچی کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں کے سسٹم کے زیرِ اثر ہلکی بارش اور بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق شہر قائد کے مختلف مضافاتی اور شہری علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ موٹر وے ایم نائن، ڈی ایچ اے سٹی اور سرجانی ٹاؤن کے مختلف حصوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہریوں نے خشک موسم سے قدرے راحت محسوس کی۔ اس سے قبل دو روز قبل ہی محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ پیشگوئی سامنے آئی تھی کہ مغربی ہواؤں کی ایک نئی لہر ملک کے مغربی اور بالائی حصوں کو متاثر کر رہی ہے جس کے اثرات سندھ کے ساحلی علاقوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ موسمیات کا بتانا تھا کہ اس موسمی سسٹم کے تحت جمعہ کے روز کراچی سمیت ٹھٹھہ، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو اور نوشہرو فیروز کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔ تاہم بارش کے اس مختصر سلسلے کے علاوہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر موسم خشک اور خنک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ صوبے کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا تھا کہ کراچی میں جمعرات کو صبح کے وقت ہلکی دھند متوقع ہے، جبکہ آئندہ تین روز کے دوران شہر میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم میں آنے والی اس تبدیلی اور صبح کے اوقات میں ہلکی دھند کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔








