بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خدیجہ شاہ کیس میں اہم پیش رفت: تین سال پرانی درخواست سماعت کے لیے مقرر

فیشن ڈیزائنر اور پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کے خلاف ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ انکوائری سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور ان کی تین سال پرانی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سابق وزیرِ خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر اب 16 نومبر کو باقاعدہ سماعت ہوگی۔ اس سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے باضابطہ کاز لسٹ بھی جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق عدالتِ عالیہ کے جسٹس خالد ابن عزیز اس اہم نوعیت کے کیس کی سماعت کریں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق خدیجہ شاہ نے 18 دسمبر 2023 کو یہ درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی، جس میں وفاقی حکومت اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے مبینہ مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر خدیجہ شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا، جسے انہوں نے عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔

درخواست گزار خدیجہ شاہ کی جانب سے عدالت میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے کو ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر درج کی گئی، بلکہ یہ محض ایک ازخود انکوائری ہے جو مکمل طور پر بدنیتی پر مبنی ہے اور بغیر کسی قانونی جواز کے شروع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر 2023 میں ابتدائی سماعت کے دوران ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو خدیجہ شاہ کے خلاف کسی بھی قسم کی تادیبی کارروائی سے روک دیا تھا، جس کے بعد اب طویل وقفے کے بعد یہ معاملہ دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہوا ہے۔