بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سلیم بیگ مزید ایک سال کے لئے پیمرا کے چیئرمین تعینات

 اسلام آباد(نیوزڈیسک) سلیم بیگ کومزید ایک سال کے لئے الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کے چیئرمین تعینات کردیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے ان کی تقرری کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی ۔کابینہ سے منظوری کے بعد سمری صدرمملکت کو بھیج دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سلیم بیگ کو گزشتہ حکومت نے 2018 میں چیئرمین پیمرا تعینات کیا تھا۔
مئی 2017 کو مرزا سلیم بیگ کو اس وقت پرنسپل انفارمیشن آفیسر تعینات کیا گیا جب ڈان لیکس میں نام آنے کے بعد راؤ تحسین کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
ابصار عالم کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ ابصار عالم کا پے اسکیل، منیجمنٹ پوزیشن ون (ایم پی ون) ہے اور وہ ماہانہ پندرہ لاکھ روپے تنخواہ وصول کررہے ہیں جبکہ ملک میں اس پے اسکیل کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ چار لاکھ پچاس ہزار ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ ابصار عالم کی چیئرمین پیمرا تعیناتی اقرباپروری اور میرٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے، لاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ابصار عالم کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا تھا۔
ابصار عالم کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی سے متعلق کیس ڈیڑھ سال تک زیر سماعت رہا اور لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد وہ مستعفی ہوگئے تھے۔