بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عزم ہوتو تمام معذوریاں اور مجبوریاں بے بس ہوجاتی ہیں: پاکستانی سفارتکار

نیو یارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی قونصلر افسر صائمہ سلیم کا کہنا ہے کہ انسانی عزم کے سامنے تمام معذوریاں اور مجبوریاں بے بس ہوجاتی ہیں۔

یو این میں پاکستان کی قونصلر افسر صائمہ سلیم نے جیو نیوزکو دیے گئے انٹرویومیں اپنی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فارن سروس میں معذور افراد کی نوکری کےلیے قوانین اجازت نہیں دیتے تھے، میں نے پورے پاکستان میں چھٹی پوزیشن لی، اپنا کیس لڑا، میرٹ پر تھی تو رولز میں ترمیم کرکے مجھےفارن سروس میں نوکری دےدی گئی۔

’دل میں عزم ہو اور اللہ پریقین ہو تودنیامیں کچھ بھی ناممکن نہیں‘
صائمہ سلیم نے کہا کہ فارن سروس میں اکیڈمک ماحول ہے، بہت کچھ پڑھنا ہوتا ہے، کامیابی کے لیے ضروری ہےکہ انسانی اپنی صلاحیتوں پرفوکس کرے نہ کہ معذوری پر، کیوں کہ دل میں عزم ہو اور اللہ پریقین ہو تو دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں۔

پاکستانی سفارت کار نے یو م آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے 75 سال پاکستان کے لیے جدوجہد کے تھے، اب عہد کرنا ہےکہ آنے والے75 سال پاکستان کی کامیابی کے ہوں، پاکستانی عہدکریں کہ بحیثیت پاکستانی وہ ملک کے لیے کیا کرسکتےہیں۔

مقبوضہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفارت کار نے کہا کہ دنیا نےکشمیر کو دو ملکوں کےدرمیان تنازع کی نظر سے دیکھا، دنیا کشمیر پر انسانی بحران کےطورپر فوکس کرے، کشمیریوں کو وہ آزادی حاصل نہیں ہے، انسانیت کےلیے طاقتور ممالک کو آگے آنا چاہیے، اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کا مستقل حل تلاش کرنا چاہیے۔