اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وفاقی محتسب برائے انسداد حراسیت کشمالہ طارق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کشمالہ طارق کی بطور وفاق محتسب برائے انسداد حراسیت کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ انسداد حراسیت سے متعلق زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ خواتین کا پاکستان کی سیاسی،سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے وفاقی محتسب برائے انسداد حراسیت کے ادارے کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور بااختیار بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ خواتین کو محفوظ اور آزاد ماحول فراہم کرنا اُن کا بنیاد ی حق ہے تاکہ وہ قومی خدمات احسن طرح سے انجام دے سکیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ معاشرے کی ترقی کا انحصار سستے اور فوری انصاف کی فراہمی پر منحصر ہے۔
صادق سنجرانی نے کہاکہ کشمالہ طارق اپنے تجربے اور ذہانت کی بنیاد پر خواتین کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ خواتین کو تعلیم یافتہ اور باختیار بنانے کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس میں موثر قانون سازی کی گئی ہے۔
کشمالہ طارق نے کہاکہ خواتین ہر شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
کشمالہ طارق وفاقی محتسب برائے انسداد حراسیت نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں سالانہ رپورٹ پیش کی ۔
چیئرمین سینیٹ سے کشمالہ طارق کی ملاقات،محتسب برائے انسداد حراسیت کی سالانہ رپورٹ پیش کردی







