اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کے کہا ہے کہ جھوٹ اور پروپیگنڈا تحریک انصاف پر ختم ہے، 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریوں کی طرح ٹیلی تھون کے ذریعے 5ارب روپےکی فنڈ ریزنگ بھی سبز باغ ہے ۔
منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہاکہ پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے مگر عمران خان کے ڈرامےجاری ہیں ، اس ملک پر ایسا ٹولہ مسلط تھا جن کو اپنے مفادات ریاست سے مقدم تھے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی آڈیو وائرل ہونے سے حقائق قوم کے سامنے آچکے ہیں،ملک اور قوم اِس وقت اِن ٹوپی ڈراموں کی متحمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان فارن فنڈنگ کا حساب دیں جبکہ پشاور میٹرو، بلین ٹری سونامی منصوبے کابھی حساب کتاب قوم کو دیا جائے، عمران خان کی حکومت نے ایک کھرب 30ارب پشاور میٹرو میں ضائع کر دیے جبکہ آٹاسکینڈل میں 100 ارب کی کرپشن ہوئی ہے ، بلین ٹری سونامی کی آڑ میں قوم کا 100 ار ب کھا گئے، قوم اس کا حساب لیکر رہے گی ۔
انجم عقیل خان نے کہاکہ نواز شریف نے 2013 میں حکومت سنبھالی تھی توملک کو کئی چیلنجز درپیش تھے، دہشت گردی عروج پر تھی، لوڈشیڈنگ 16گھنٹے تک تھی اور معیشت کا پہیہ جام ہوکر رہ گیا تھا، نواز شریف نے نیک نیتی سے کام کیا ، ترقی کی منازل حاصل کیں اور ملک سے بحرانوں کا خاتمہ کر دیا ،نواز شریف کی سخت محنت کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح 25 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کے مالیاتی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کی معیشت کی شرح نمو خطہ کے ممالک میں تیزی سے فروغ پاتی ہوئی معیشت تھی ، یہ وہ معاشی صورتحال تھی کہ جو پاکستان دشمن قوتوں کو کسی صورت قبول نہیں اور وہ یہ بھی سمجھتے تھے کہ اگر سی پیک منصوبہ اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہوگیا تو پاکستان معاشی طورپر خطہ کا مضبوط اورمستحکم ترین ملک ہوگاوہی پاکستان دشمن قوتیں ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہوئی ، پاکستان کے عوام اُن عناصر کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے کہ جو پاکستان مخالف قوتوں کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہوںگے،میاں نوازشریف تین دفعہ عوام کے ووٹ کے ذریعے ملک کے وزیراعظم بنے ،کھڑکیاں یا دیوارپھلانگ کراقتدار میں نہیں آئے ۔ مستقبل کے عام انتخابات میں میاں نواز شریف ہمارے درمیان موجود ہوں گے
۔ انھوں نے کہا پاکستان کو وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ، کچھ منفی ذہنیت کے حامل سیاستدان ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں حائل کردینا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کو پہلے بھی مسترد کرچکے ہیں اور ایک بار پھر اُنہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ 2013ءکے انتخابات کے بعد جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی اُس وقت ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر کے نچلے ترین سطح پر تھے جبکہ میاں نواز شریف کی سخت محنت کا یہ صلہ تھا زرمبادلہ پاکستان کی تاریخ کے بلند ترین سطح 25 ارب ڈالر پر پہنچے اور دنیا بھر کے مالیاتی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کی معیشت کی شرح نمو خطہ کے ممالک میں تیزی سے فروغ پاتی ہوئی معیشت تھی۔ مگر پھر عالمی فنڈنگ سے ایسا شخص اقتدار میں آیا جس نے پاکستان کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا۔
ایک سوال کے جواب میں انجم عقیل نے کہاکہ نواز شریف نے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے پرائیوٹائزیشن اور ڈی ریگولریشن کی حوصلہ افزائی کی تھی، اس کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ ذرائع نقل و حمل اور بنیادی انفرا سٹرکچر کی تعمیر و ترقی کو بے حد اہمیت دی ، وہ پہلے دو مرتبہ وزیراعظم پاکستان بنے مگر وہ دس سال کی مقررہ مدت کی حکومت کی بجائے محض ساڑھے تین سال کے عرصے تک حکومت میں رہے تو اس دوران وہ کیسے اپنی معاشی پالیسیوں کا نفاذ کر کے اس کے ثمرات سے عوام کو مستفید کرتے تاہم انہوں نے اپنے پہلے دور حکومت میں 20 ارب روپے کی مالیت سے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان موٹر وے کے منصوبے کا آغاز کیا۔ اس وقت بھی ان کے مخالفین نے اس پر سخت تنقید کی اور اس کو بہت مہنگا پراجیکٹ قرار دیا اور ان کی دلیل یہ تھی کہ جب جی ٹی روڈ موجود ہے تو متبادل موٹر وے بنانے کی کیا ضرورت ہے اتنے پیسوں سے سارے ملک کی سڑکوں کو بہتر کیا جا سکتا ہے مگر آج وقت نے ثابت کیا کہ میاں نواز شریف کی مستقبل پر نظر رہتی ہے وہ اپنی معاشی حکمت عملی کو مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیتے ہیں۔ ایسی سوچ چین کے حکمرانوں میں پائی جاتی ہے۔ چین میں بڑے بڑے شہروں کے انفرا سٹرکچر اس طرح پھیلائے گئے ہیں جو آنے والے پچاس سالوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔ یہ میاں نواز شریف کی خوش قسمتی تھی کہ انہوں نے لاہور سے راولپنڈی کے درمیان بنائی گئی موٹر وے کا افتتاح اپنے دوسرے دور اقتدار میں کیا میاں نواز شریف موٹر وے کو 6 لائنوں پر بچھانا چاہتے تھے مگر حکومت تبدیلی کے بعف اس منصوبے کو 4 لائنوں تک محدود کر دیا اور بعد میں مشرف نے موٹر وے کو سندھ تک لے جانے کی منصوبہ بندی ختم کر دی۔ انجم عقیل نے کہاکہ قوم جان چکی ہے کہ مسلم لیگ ن ہی پاکستان کو روشن مستقبل کی جانب لے کر جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عمران خان نے معاشی تباہی کی جانب دھکیل دیا تھا بہت مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑے ، قوم کو بہت جلد ریلیف ملے گا۔
ٹیلی تھون کے ذریعے 5ارب کی فنڈ ریزنگ بھی سبز باغ ،ن لیگ ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے، انجم عقیل خان








