اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج روجھان میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان حقیقی آزادی کی تحریک کے تحت بہاولپور میں منعقدہ عوامی اجتماع میں جانے سے قبل سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔
عمران خان پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کے سیلاب متاثرین پر اثرات کا جائزہ لیں گے
اسکے علاوہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کیلئے صوبائی حکومت کی حکمتِ عملی اور اقدامات بھی دیکھیں گے اور سیلاب متاثرین سے مفصل ملاقات کے بعد عمران خان بہاولپور روانہ ہوں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف بہاولپور میں لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلاء کنونشن سے صدارتی خطاب کریں گے۔
بار سے خطاب کے بعد عمران خان بہاولپور میں تاریخی جلسہ عام میں شرکت کیلئے ڈرنگ اسٹیڈیم جائیں گے
یاد رہے کہ گجرات میں ہونے والے پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ جب ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا تو 150 روپے لیٹر پر پیٹرول تھا اور ایک سو پنتالیس پر ایک لیٹر فضل ارحمن تھا، جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو بڑے خواب دیکھیں، میرے نوجوانوں آپ لوگوں نے بہت بڑے خواب دیکھنے ہیں۔ میرے مولا نے پاکستان کو سب کچھ دیا ہے، اس ملک کی زمین زرخیز ہے، چاروں موسم ہیں، عقلمند نوجوان ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جب تک کوئی حقیقی طور پر آزاد نہیں ہوتا، اس کی پرواز اوپر نہیں جاتی، غلام اوپر نہیں جا سکتے، غلام صرف اچھے غلام بن سکتے ہیں لیکن آزاد انسان علامہ اقبال کے شاہین بن سکتے ہیں۔








