اسلام آباد(ممتازنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے جس دوران وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی ۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہر طرح سے آپ کی مدد کے لئے حاضر ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا ہے جبکہ مراد علی شاہ نے بھرپور تعاون پر وزیراعظم اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اطلاعات نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی سپلائی کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔









