اسلام آباد(ممتاز نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے آج سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے بے گھر افراد کے کیمپوں کا دورہ کیا اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے موجودہ صورتحال پر چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بلوچستان میں جعفرآباد، اوستہ محمد، صحبت پور، ڈیرہ مراد، کندھاوا جھل مگسی اور جیکب آباد، شیران پور محمد فہد تھہیم کے گاؤں جو دونوں صوبوں میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی مشاہدہ بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ وفد نے میڈیکل کیمپ کے ساتھ ساتھ بزرگوں کے لیے شیلٹر اور بچوں کے لیے بنائے گئے ایک عارضی تعلیمی مرکز کا بھی دورہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ اور ان کا وفد سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں جاننے کے لیے ذاتی طور پر لوگوں سے ملنے کے لیے یہاں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ پارلیمنٹ بھی سیلاب کے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں مدد کر سکے۔ وفد کو جیکب آباد میں پی اے ایف بیس شہباز کے کمانڈنگ آفیسر نے امدادی عمل کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ امدادی سامان کی بروقت فراہمی کے عمل کو مربوط کرنے میں پی اے ایف کے کردار کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان کی مسلح افواج اور فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کو سڑک اور فضائی راستے سے فوری امداد فراہم کی گئی، اس طرح جانیں بچانے اور بے گھر ہونے والے افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں مدد ملی۔ وفد میں سینیٹرز مولانا غفور حیدری، مشاہد حسین سید، ثناء جمالی، پرنس عمر آف قلات، نصیب اللہ بازئی اور محمد فہد تھہیم آف جیکب آباد شامل تھے۔
چیئرمین سینیٹ کی قیادت سینیٹر کے وفد کاسندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ








