اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ کی آج اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ڈیرک چولیٹ کا اس مشکل وقت میں جب پاکستان تاریخ کے سب سے تباہ کن سیلاب سے بری طرح دوچار ہے، پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر شرکاء کو آگاہ کیا کہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ پاکستانی اس آفت سے اب تک متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1,300 سے زیادہ لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ زراعت، مویشیوں، املاک، اور اہم انفراسٹرکچر کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آلودہ پانی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا ممکنہ پھیلاؤ بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ حکومت اس تباہ کن صورتحال میں ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو و ریلیف آپریشن میں پوری طرح مصروف عمل ہے۔
وزیر اعظم نے ریسکیو اور ریلیف کے بعد سیلاب زدگان کی بحالی اور انفراسٹرکچر و نجی املاک کی تعمیر نو کے بڑے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ امریکہ کی طرف سے مسلسل تعاون، یکجہتی اور سیلاب زدگان کیلئے امدد انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔








