بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیرت کا مسئلہ! مر جائینگے خواتین کو کیمپ نہیں بھیجیں گے، سیلاب متاثرین

بستی احمد دین(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے ایک گائوں کے سیلاب متاثرین کاکہناہےکہ کیمپ جاناغیرت کامسئلہ! مر جائینگے لیکن خواتین کو کیمپ نہیں بھیجیںگے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی پانی میں گھرے ایک چھوٹے سے پاکستانی گاؤں بستی احمد دین کے 400رہائشیوں کو بھوک اور بیماری کا سامنا ہےلیکن انہوں نے انخلاء کی اپیل کورد کردیا ہے.

رہائشیوں نے غیرملکی خبررساںادارےکو بتایا کہ ریلیف کیمپ کے لیے روانہ ہونے کا مطلب گاؤں کی خواتین اپنے خاندانوں سے باہر مردوں کے ساتھ گھل مل جائیں گی اور یہ عمل ان کی’’عزت‘‘ کو پامال کرے گا۔

17سالہ شیریں بی بی سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ خشک زمین پر کیمپ میں جانا پسند کریں گی تو انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ گاؤں کے بزرگوں پر منحصر ہے، بستی احمد دین کی خواتین کو کچھ کہنے کا اختیار نہیں، پنجاب کے علاقے روجھان میں واقع بستی احمد دین کے 90 گھروں میں سے آدھے سے زیادہ تباہ ہو گئے ہیں.

کپاس کی فصلیں جو جون میں بارش شروع ہونےسے قبل گاؤں کے ارد گرد موجود تھیںاب سیلابی پانی میں سڑ رہی ہیں اور کچی سڑک جو کبھی قریبی شہر سےزمینی راستہ جوڑ کر رکھتی تھی تین میٹر (10 فٹ) سیلابی پانی میں غائب ہے۔

بستی احمد دین کے خاندانوں کے پاس تشویشناک حد تک خوراک کی کم مقدار رہ گئی ہے اور انہوں نے بارش کے بعد جو بھی گندم اور اناج بچایا ہے اسے جمع کرنے اور راشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے،امدادی سامان چھوڑنے کے لیے گاؤں آنے والے متعدد رضاکاروں نے رہائشیوں سے حفاظت کے لیے نکل جانے کی التجا کی جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔