بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دوبارہ طلب کرلیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )الیکشن کمیشن نے سوات جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو 21 مارچ کو دوبارہ طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سوات نے وزیراعظم سمیت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان،شاہ محمودقریشی اور مرادسعید کو بھی دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
اس سے قبل ڈی ایم او نے سوات جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر18مارچ کوطلب کیا تھا۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ31مارچ کو شیڈول ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو سوات کا دورہ کرنے سے منع بھی کیا تھا، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیر اعظم نے سوات میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا ہے، اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو دیر میں جلسہ عام سے خطاب کرنے پر نوٹس جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ 19 فروری کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے جاری کردہ آرڈیننس کے تحت پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کے منتخب رکن کو اجازت ہوگی کہ وہ کسی بھی حلقے میں عوامی جلسوں میں شرکت یا خطاب کرسکیں تاہم ای سی پی حکام کا موقف ہے کہ سیاسی جماعتوں، انتخابی مہم میں حصہ لینے والے امیدواروں اور انتخابی مشق میں شامل دیگر افراد کے لیے ضابطہ اخلاق وضع کرنا ان کا کام ہے ۔
دوسری جانب آج 18 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا ہے۔ہائیکورٹ میں بیرسٹرعلی ظفر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سےدلائل دئیے اور بتایا کہ الیکشن کمیشن کا کوڈ آف کنڈیکٹ قانون سے بالا نہیں ہوسکتا،کوڈ آف کنڈیکٹ کی بنیاد پر کسی قانون کو ہی رد نہیں کیا جاسکتا۔بیرسٹرعلی ظفر نےبتایا کہ 19فروری 2022 کو ایکٹ میں ترمیم کی گئی، ترمیم سے پارلیمنٹ ممبرز کو الیکشن مہم میں شرکت کی اجازت ملی۔