فیصل آباد(معظم رندھاوا)پاور لومز مالکان اور محنت کش ومزدوروں نے مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کے خلاف احتجاجاً ضلع کونسل چوک میں دھرنا دیتے ہوئے روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دی،شرکاکی حکومت اور فیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر کونسل آف لومز اونرز ایسوسی ایشن پاکستان وحید خالق رامے، لیبر قومی موومنٹ کے بابا لطیف، مرزا شفیق، صنعتکاروں، تاجر تنظیموں اور محنت کشوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ فیصل آباد کے مختلف علاقوں فیض آباد غلام محمد آباد، سمن آباد، جھنگ روڈ سمیت دیگر علاقوں سے احتجاجی ریلیاں ضلع کونسل چوک پہنچیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاور لومز انڈسٹری تباہ ہو چکی ہے، سینکڑوں فیکٹریاں، کارخانے اور ملیں بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں اور حکومت کی طرف سے پاور لومز انڈسٹری کو 55 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی کے بل بھجوائے جا رہے ہیں اور بجلی کے ریٹ ملکی تاریخ کے بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنی زیادہ بجلی مہنگی ہونے پر پاور لومز سمیت تمام انڈسٹریز بند یا بند ہونے کے قریب پہنچ چکی ہیں جبکہ دیگر ممالک میں انڈسٹری کو ریلیف دیا جاتا ہے جبکہ ہمارے ملک میں الٹی گنگا بہتی ہے۔ آئے روز اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور مہنگائی لہر نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور روزگار ختم ہونے سے محنت کش اپنے بال بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی دے یا پھر بجلی کا بل ادا کرے جس کی وجہ سے غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر پردہ کلاتھ ایسوسی ایشن اور کون ڈائنگ ایسوسی ایشن نے احتجاج میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی عدم استحکام کی وجہ سے ملکی انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور فیکٹری مالک ہو یا مزدور مہنگائی کی وجہ سے بے تحاشا مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر بجلی کی قیمتوں کے ریٹ کم کرے تاکہ ملکی معیشت کا پہیہ چل سکے۔ اگر حکمرانوں نے اس طرف توجہ نہ دی تو پاور لومز مالکان فیکٹری بند کرنے پر مجبور ہونگے اور بے روزگار مزدوروں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔
فیصل آباد،پاور لومز مالکان و محنت کشو ں کابجلی مہنگی کرنے کیخلاف ضلع کونسل چوک میں دھرنا،روڈ بلاک کردی








