لاہور (نیوز ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے لندن سے چوری ہو کر کراچی سے برآمد ہونے والی کار کے کیس میں ملزم کی حفاظتی ضمانت منسوخ کرنے کی کراچی کسٹمز کی درخواست مسترد کر دی ۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی عدالت میں ملزم کی حفاظتی ضمانت کے خلاف کراچی کسٹمز نے رجوع کیا تھا ، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لاہور ہائیکورٹ ملزم کی حفاظتی ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دے ۔عدالت نے کراچی کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے افسر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج سنا دیا گیا ، عدالت نے اپنے فیصلے میں ملزم کی ضمانت منسوخی کی کراچی کسٹمز کی درخواست مسترد کر دی ، عدالت نے کہا کہ کراچی کسٹم وہاں کی عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 15 ستمبر تک ملزم کی حفاظتی ضمانت منظور کی ہے ۔
لندن سے چوری ہو کر کراچی سے برآمد ہونے والی کار کے کیس میں ملزم کی حفاظتی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست مسترد








