اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کارکنان کی لاشیں ملنے کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ اور وفاقی وزیر ایاز صادق کی ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں امین الحق اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات ہوئی۔
وفاقی وزرا نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو ان کے کارکنان کی موت کی تحقیقات یقینی بنانے کی یقین دہانی کروادی۔
اس ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔
اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ نے واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروادی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے مل کر واقعہ کی تحقیقات کروائیں گے، ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور ان کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔
کراچی میں مبینہ طور پر 3 لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔ اس ضمن میں؛ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر واقعے کی مکمل آزادانہ تحقیقات کروائیں گے۔ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور ان کیخلاف سخت ایکشن لیں گے۔
— Rana Sana Ullah Khan (@RanaSanaullahPK) September 14, 2022









