بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی عرب اور پاکستان دکھ سکھ کے ساتھی، سیلاب زدگان کی امداد پر ہم ان کے شکرگزار ہیں: سینیٹر اسحاق ڈار

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل آفیئرز کے صدر سینٹر اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان دکھ سکھ کے ساتھی ہیں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے جس پر ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ممنون ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سے ویڈیو لنک پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا. سینٹر اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کا کارکنان کو بڑا واضح پیغام ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت خدمت کرنے کا ہے اور سیلاب زدگان کی مدد کو یقینی بنا کر انہیں زندگی کی طرف واپس لانے کا ہے اس لئے تمام لیگی ارکان دل کھول کر عطیات دیں اور اپنے ہم وطنوں کی مصیبت کی گھڑی میں سہارا بنیں. سینٹر اسحاق ڈار نے شیخ سعید احمد کو مسلم لیگ ن سعودی عرب کا صدر بننے پر مبارکباد دی اور سنئیر نائب صدر محمود الحق ڈوگر سمیت ملک منظور اعوان کو جنرل سیکرٹری اور دیگر تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے یکجان ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مسلم لیگ ن بہتر انداز میں ملکی خدمت کا فریضہ انجام دے سکے. تقریب سے مسلم لیگ ن انٹرنیشنل آفیئرز کے جنرل سیکرٹری ایم این اے چوہدری نورالحسن تنویر اور پی ایم ایل این انٹرنیشنل آفیئرز کے کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن ایک ایسی عوامی جماعت ہے جو پوری عوام کی متفقہ آواز ہے مسلم لیگ ن جب بھی برسر اقتدار آئی اس نے ملک و قوم کی خدمت کا فرض ادا کیا. میاں نوازشریف ملکی تاریخ کے واحد ایسے لیڈر ہیں جنھوں نے پاکستان بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے اور ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا اور آج ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف دیگر اتحادیوں کے ہمراہ ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور سیلاب متاثرین کی دن رات خدمت اور بحالی کے لیے کوشاں ہیں. انھوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی اثاثہ ہیں جنھوں نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی ہے آج پھر وطن عزیز شدید مشکلات کا شکار ہے اس لئے سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں موجود پاکستانیوں کو چاہئیے کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنے ہم وطنوں کی فل کھول کر مدد کریں. سعودی عرب میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلم لیگ ن کے عہدیدار اور ورکرز کام کر رہے ہیں اور وہ تمام عہدیدار جن کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں وہ فعال کردار ادا کریں اور سعودی عرب بھر میں پارٹی ورکرز کو متحرک کریں. اس موقعہ پر مسلم لیگ ن سعودی عرب کے نومنتخب صدر شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے لیڈر میاں نوازشریف صدر مسلم لیگ ن وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مسلم لیگ ن انٹرنیشنل آفیئرز کے صدر اسحاق ڈار کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک جنرل سیکرٹری چوہدری نورالحسن تنویر کے مشکور ہیں جنھوں نے انہیں اس ذمہ داری سے نوازا اور انہیں فخر ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ایک ورکر کی حیثیت سے کام کیا اور اب بھی اسی طرح سعودی عرب بھر میں پارٹی عہدیداروں اور ورکرز کو متحد کرنے کے لئے کام کریں گے اور پارٹی کو مضبوط بنایا جائے گا. مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سنئیر نائب صدر محمود الحق ڈوگر، جنرل سیکرٹری ملک منظور اعوان سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پارٹی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیوں کو بروئے کار لانے کا عزم کیا اور کہا کہ سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں انکی مدد ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے جس کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا.