بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کے پاس معاشی ریکوری کا کوئی پلان نہیں،شاہ محمودقریشی

ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک مشکل میں ہے۔ معیشت مسلسل دباؤ میں ہے۔ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ لوگ دو ماہ سے بجلی کے بل ٹھیک کروانے کیلئے واپڈا دفاتر میں دھکے کھا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا 300یونٹ تک ایف اے پی ختم کردیئے گئے ہیں۔ ان کے وزیر خزانہ نے آج فرمایا ختم نہیں مارچ تک موخر کردیئے گئے ہیں۔ وصول کئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ اپنے وزیراعظم کے اعلان کی نفی کررہے ہیں۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ملک غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ حکومت کے پاس معاشی ریکوری کا کوئی پلان نہیں۔ عوام ضمنی انتخابات میں حکومتی امیدواروں کو مسترد کرکے پی ڈی ایم پر عدم اعتماد کرچکے ہیں۔امپورٹڈ حکمرانوں کو اقتدار ی فکر ہے۔ اورزبردستی کرسی سے چمٹے ہوئے ہیں۔ عوام کا ایک ہی مطالبہ ہے حکومت کو فی الفور نئے الیکشن کا اعلان کرنا چاہئے۔ عوامی مینڈیٹ کی حائل حکومت ہی ملک کو غیر یقینی صورتحال سے واپس لا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مختلف یونین کونسلوں جن میں ٹاٹے پور موضع مونگ وڈ‘ 3ایم آر اور کوٹلہ مہاراں میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حکومت کے پاس سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے منصوبہ بندی انتہائی ناقص ہے۔ دکھاوے کے اجلاس تو بلائے جا رہے ہیں لیکن متاثرین کی مدد نہیں کی جارہی۔ سندھ پورا پانی میں ڈوب چکا ہے۔ سندھ کی عوام کو پانی‘ خیمے‘ خوراک‘ ادویات‘ بستروں سمیت ضروریات زندگی کی اشد ضرورت ہے۔ سندھ کے عوام پی پی سے بہت نالاں ہیں۔ بلاول اور مراد علی شاہ عوام میں جائیں اور اپنی کارکردگی بارے پوچھیں۔ یہ لوگ سندھ کی عوام کا سامنا نہیں کرسکتے۔ سندھ کے عوام آئندہ انتخابات میں عوام سے کی گئی نا انصافی کا پی پی سے پورا بدلہ لیں گے۔ آئندہ انتخابات میں سندھ سے پیپلز پارٹی کا بھی صفایا ہوگا۔ انہوں نے کہا پی پی ن لیگ کی گزشتہ 40سال کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے۔ 2جماعتوں کی قیادت نیقوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدائیں اور اکاؤنٹس بنائے۔ 40سال تک اقتدار میں رہ کر کرپشن کرنے والے قوم کو لوٹنے والے کس منہ سے تحریک انصاف اور عمران خان سے حساب مانگتے ہیں۔ پاکستان کی عوام جانتی ہے عمران خان نے ساڑھے تین سال دور اقتدار میں نہ تو بیرون ملک کوئی جائیداد بنائیں اور نہ ملک لوٹا۔ انہوں نے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کی۔ ان کے دل میں عوام کا درد ہے۔ وہ پاکستان اور پاکستان کی آنے والی نسلوں کے بارے میں سوچتے ہیں۔ پی پی ن لیگ کی قیادتک اپنی اولاد اور مفادات کی سیاست کررہے ہیں۔ عمران خان ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ قوم کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔ لوٹوں‘ لٹیروں کو نہ صرف ضمنی انتخاب بلکہ آئندہ آنے والے عام انتخابات میں بھی بری طرح مسترد کرنا ہوگا۔ تب ہی ملک کو بچا کر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں اور ملکی ترقی کا رکا ہوا پہیہ دوبارہ چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا این اے 157کا ضمنی انتخاب 2افراد کا نہیں بلکہ دو نظریوں کا انتخاب ہے۔ ایک نظریہ ملک بچانے کا نظریہ ہے۔ جبکہ دوسرا نظریہ کرپشن‘ مفادات اور اقربا پروری کا نظریہ ہے۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ کہ وہ ملک بچانے والے کا ساتھ دیتے ہیں یا لوٹوں‘ لٹیروں اور مفادات کی سیاست کرنے والوں کا۔ انہوں نے کہا ہم کل بھی الیکشن کے لئے تیار تھے اور آج بھی الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ ہم نے ہمیشہ عوام اور عوامی مفاد کی سیاست کی۔ یوسف رضا گیلانی اور اس کے صاحبزادوں نے کرپشن‘ اقربا پروری اور مفادات کی سیاست کی۔ ہمارا دامن صاف ہے۔ ہمارے اوپر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔ کوئی شخص ہمارے اوپر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ اس کے برعکس یوسف رضا گیلانی اور اس کے صاحبزدگان کا کردار عوام کے سامنے ہے۔ این اے 157 کی عوام نے ماضی میں بھی انہیں مسترد کیا اور اب بھی مسترد کریں گے۔ این اے 157 کی عوام نے 2018ء میں تحریک انصاف کو کامیابی دلائی اور اب بھی تحریک انصاف پر اعتماد کرتے ہوئے بلے پر مہر لگا کر کامیاب کریں گے۔ 16اکتوبر کو ہر طرف بلا چلے گا۔ تیر کے ٹکڑے ہوں گے۔ اس موقع پر مختلف برداریو ں نے تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔